اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر قیادت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے کم آمدنی والے افراد کے لیے مختلف شہروں میں کم قیمت اور قابل رسائی 5 لاکھ مکانات کی تعمیر کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں کم قیمت اور قابل رسائی 5 لاکھ مکانات کی تعمیر سے متعلق امور زیر غور آئے۔

اجلاس میں یعقوب اظہر، نجیب ہارون، ارشد باد، سیکریٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس ڈاکٹر عمران زیب خان، سیکریٹری قانون جسٹس (ر) عبدالشکور پراچہ اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔

مزید پڑھیں: جعلی ہاؤسنگ اسکیم: نیب نے 175 متاثرہ افراد میں رقم تقسیم کردی

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 5 لاکھ کم قیمت اور قابل رسائی مکانات کی تعمیر حکومت کی اولین ترجیح ہے، جو نہ صرف اہم شہروں میں مکانات کے مسائل کو حل کرنے میں مدد گار ثابت ہوگا بلکہ اس سے معاشی ترقی اور نئی نوکریاں بھی پیدا ہوں گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسی طرح ہمیں غریبوں کو پریشان کیے بغیر اور شہری سہولیات کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام کچی آبادیوں کے حوالے سے بھی اقدامات کرنے ہیں۔

اجلاس کے دوران مکانات کے مسائل کے حوالے سے بین الاقوامی موڈلز اور منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کرنے کے بعد اس حوالے سے جامع منصوبہ بندی کے لیے وزیراعظم کی جانب سے سیکریٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی زیر نگرانی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی، جو تمام متعلقہ اداروں سے اور ماہرین سے مشاورت کرے گی۔

اس کے علاوہ کمیٹی منصوبے کی تکیمل کے لیے تمام ضروری سہولیات، اراضی کی دستیابی اور قانونی فریم ورک کے امور کو بھی دیکھے گی۔

یہ بھی پڑھیں: نیب کا خواجہ سعد رفیق کی ہاؤسنگ اسکیم کے خلاف تحقیقات کا آغاز

کمیٹی کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی ابتدائی رپورٹ ایک ہفتے کے اندر وزیراعظم کو پیش کرے۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے زور دیا کہ نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں، جو ’5 لاکھ ہاؤسنگ پروگرام‘ کے حکومتی منصوبے کو مکمل کرنے میں مدد فراہم کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں