40برس سے بڑی عمر کی اداکارہ کو اچھے کردار نہیں ملتے، شفالی

05 ستمبر 2018
بولی وڈ اداکارہ شفالی شاہ —فوٹو/ اسکرین شاٹ
بولی وڈ اداکارہ شفالی شاہ —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ میں مردوں کو بہتر کردار اور تنخواہ ملنے پر بہت سی اداکارائیں آواز اٹھا چکی ہیں، جن میں پریانکا چوپڑا، دپیکا پڈوکون اور سونم کپور جیسی اداکارائیں شامل ہیں۔

جبکہ منیشا کوئرالا، ودیا بالن جیسی اداکارائیں یہ بھی کئی مرتبہ بتا چکی ہیں کہ بولی وڈ میں بڑی عمر کی اداکاراؤں کے لیے کردار کافی کم ہوجاتے ہیں۔

اور اب اداکارہ شفالی شاہ کا بھی یہ ماننا ہے کہ بولی وڈ میں اداکاروں کو زیادہ بہتر کردار آفر کیے جاتے ہیں۔

46 سالہ شفالی شاہ کا نام بولی وڈ کی بڑی اور ٹیلنٹڈ اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے، تاہم وہ بولی وڈ کی تقریبات میں بہت کم نظر آتی ہیں، وہ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی زیادہ فعال نہیں رہتی، جبکہ میڈیا سے بھی صرف فلم کی تشہیر کے دوران ہی بات کرتی نظر آتی ہیں۔

نیشنل ایوارڈ یافتہ شفالی کا انڈین ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’بولی وڈ انڈسٹری میں مردوں کو زیادہ کردار ملتے ہیں، پھر چاہے ان کی عمر جو بھی ہو، لیکن بولی وڈ کو یہ نہیں معلوم کہ اس اداکارہ کے ساتھ کیا کرنا ہے جس کی عمر 40 سال سے زیادہ ہوگئی ہو، آج کے دور میں میری جیسی اداکارہ کے لیے زیادہ کردار لکھے جارہے ہیں‘۔

شفالی شاہ فلموں کے ساتھ ساتھ ویب سیریز کا حصہ بننے پر بھی دلچسپی لے رہی ہیں، جن کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

اداکارہ شفالی شاہ بہت جلد اپنے نئے پروجیکٹ ’ونس اگین‘ میں کام کرتی نظر آئیں گی، جس میں وہ ایک بیوہ کا کردار کرتی نظر آئیں گی جس کی ہدایات کنول سیٹھی دے رہی ہیں۔

اس پروجیکٹ میں شفالی ایک بیوہ خاتون کا کردار ادا کررہی ہیں، جس کی دوستی ایک اداکار سے لنچ کے ڈبے بھیجنے اور خطوط سے شروع ہوگی، جو آگے جاکر دوبارہ محبت میں مبتلا ہونے کے تجربے کو بیان کریں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں