اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان اور سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے دوران ووٹنگ نظام پر اٹھنے والے سوالات کی موجودگی میں شفاف ضمنی انتخاب ممکن نہیں۔

انہوں نے ایک جاری بیان میں کہا کہ ماہرین کے مطابق الیکشن کمیشن نے جو نظام وضع کیا ہے وہ ہیک ہوسکتا ہے، اس کے سافٹ وئیر پر ماہرین کو شکوک وشبہات ہیں۔

مزید پڑھیں: اختیارات کا غلط استعمال: مریم اورنگزیب کے خلاف نیب میں درخواست

ان کا کہنا تھا کہ یہ بات تسلیم شدہ ہے کہ اس نظام کو نہ صرف ’ہیک‘ کیا جاسکتا ہے بلکہ اس کے دیگر فنی اور تکنیکی پہلو بھی قابل اعتبار نہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اس مشکوک نظام پر تحفظات ہیں، اس لیے اعتماد میں لیے بغیر اس نظام کو لاگو کرنا سیاسی جماعتوں کے حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

سابق وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک وقوم کا عظیم اثاثہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ‘پاناما ہمارے لیے خطرہ تھا، ہے اور نہ کبھی ہوگا‘

انہوں نے کہا کہ ان کی فیصلہ سازی اور جمہوری عمل میں شمولیت اور ووٹ کا حق دینے کی مکمل حمایت کرتے ہیں لیکن الیکشن کمیشن کی عجلت پسندی اور فنی وتکنیکی خامیوں سے بھرپور نظام پر شدید تحفظات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) کے فیصلے کی روشنی میں جس قدر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنا لازمی جمہوری حق ہے، ویسے ہی اس ووٹ کے تقدس کو یقینی بنانا بھی ناگزیر آئینی وقانونی تقاضا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں