وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنی کابینہ میں توسیع کرتے ہوئے مزید 4 وزرا کو شامل کرلیا جس کے بعد کابینہ کے ارکان کی تعداد 12 ہوگئی۔

نئے وزرا کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی جہاں گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے چاروں وزرا سے حلف لیا۔

حلف اٹھانے والے وزرا میں مکیش کمار چاؤلہ، امتیاز شیخ، سید ناصر شاہ اور فراز احمد دیرو شامل ہیں۔

ضلع کندھ کوٹ سے مخصوص نشست پر رکن اسمبلی بننے والے مکیش کمار چاؤلہ کو ایک مرتبہ پھر وزارت ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن دی گئی ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کی گزشتہ صوبائی حکومت میں بھی مکیش کمار چاؤلہ وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن تھے۔

گزشتہ حکومت کے دوران مسلم لیگ فنگشنل سے پی پی پی میں شمولیت کرنے والے امتیاز شیخ اس سے قبل بھی متعدد حکومتوں میں وزیر رہ چکے ہیں، وہ شکار پور سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔

ضلع سکھر کے علاقے روہڑی سے منتخب ہونے والے رکن سید ناصر شاہ گزشتہ حکومت میں وزیر اطلاعات تھے۔

ضلع سانگھڑ کے علاقے ٹنڈوجام سے منتخب ہونے والے رکن اسمبلی فراز دیرو پہلی مرتبہ صوبائی کابینہ میں شامل ہوئے ہیں۔

حلف برداری کی تقریب میں پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، صوبائی وزرا اور مشیران کے علاوہ چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، سول سائٹی کے اراکین کے علاوہ وزرا کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔

بعد ازاں گورنر عمران اسمٰعیل اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے حلف لینے والے وزرا کو مبارک باد دی۔

تبصرے (0) بند ہیں