پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق صوبائی وزیر شاہ فرمان نے گورنر خیبرپختونخوا کا حلف اٹھا لیا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس وقار احمد نے شاہ فرمان سے گورنر خیبرپختونخوا کا حلف لیا۔

خیال رہے کہ حلف اٹھانے سے قبل شاہ فرمان خیبرپختونخوا اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: شاہ فرمان کو خیبر پختونخوا کا گورنر مقرر کرنے کا فیصلہ

شاہ فرمان نے 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کے حلقوں پی کے 70 اور پی کے 71 سے کامیابی حاصل کی تھی لیکن پی کے 70 پشاور 5 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے امیدوار خوش دل خان کامیاب ہوگئے تھے۔

بعد ازاں قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر محمد قاسم خان سوری نے شاہ فرمان کو گورنر خیبرپختونخوا کا حلف اٹھانے پر مبارکباد پیش کی۔

اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں ان کا کہنا تھا کہ شاہ فرمان کو گورنر نامزد کرنا پارٹی قیادت کے ان پر اعتماد کا مظہر ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شاہ فرمان کی رہنمائی میں صوبائی حکومت ایسی پالیسز کی ابتدا کرے گی جو صوبے میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ثابت ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں: گورنر کے پی اقبال ظفر جھگڑا نے استعفیٰ دے دیا

انہوں نے اُمید کا اظہار کیا کہ شاہ فرمان کی قیادت میں صوبائی حکومت نا صرف ترقی اور استحکام کی منازل طے کرے گی بلکہ وفاق اور صوبے کے درمیان بہتر تعلقات بھی قائم ہوں گے۔

قومی اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے شاہ فرمان کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤ کا اظہار بھی کیا۔

خیال رہے کہ 18 اگست 2018 کو خیبرپختونخوا کے گورنر اقبال ظفر جھگڑا صوبے کے نئے وزیراعلیٰ محمود خان سے ان کے عہدے کا حلف لینے کے بعد مستعفی ہوگئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں