'کیمرے کے سامنے، میں اصل سلمان ہوں'

اپ ڈیٹ 06 ستمبر 2018
میزبان کے طور پر سلمان خان کا ایک انداز — فائل فوٹو
میزبان کے طور پر سلمان خان کا ایک انداز — فائل فوٹو

بولی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کا ماننا ہے کہ یہ معنی نہیں رکھتا کہ کوئی فرد کیمرے کے سامنے کیسا پرفارم کرتا ہے لیکن ایک شخص کیمرے کے سامنے ناظرین کو بیوقوف بنانے کے لیے دھوکا نہیں دے سکتا۔

اپنی اداکاری سے لاکھوں مداحوں کے دلوں میں بسنے والے 52 سالہ بھارتی اداکار کا کہنا تھا کہ ایک اداکار کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ حقیقی ہو اور ناظرین کے سامنے ایک حقیقی شخصیت پیش کرے۔

انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ 'کیمرے کے سامنے مصنوعی انداز اپنانا ناممکن ہے، جب آپ کسی کردار کو ادا کررہے ہوں تو آپ مصنوعی نہیں ہوسکتے'۔

مزید پڑھیں: سلمان خان بولی وڈ کنگ شاہ رخ کے شکر گزار

سلمان خان کا مزید کہنا تھا کہ 'ہم جو بھی سین کریں، جس میں ڈائیلاگ، احساسات اور تاثرات کی ادائیگی شامل ہے، تو یہ سب ہماری شخصیت سے ادا ہونے چاہیے کیونکہ یہ کہیں نہ کہیں ہمارا حصہ ہوتے ہیں'۔

سلمان خان کا ماننا ہے کہ 'اگر ہم مصنوعی انداز اپنائیں گے تو کیمرہ ہمیں پکڑ لے گا، آپ لوگوں کو کچھ وقت تک کے لیے بیوقوف بنا سکتے ہیں لیکن آپ تمام لوگوں کو ہر وقت بیوقوف نہیں بنا سکتے، یہ ایک دن ضرور ظاہر ہوجائے گا'۔

لاکھوں مداحوں کے دلوں پر راج کرنے والے سپر اسٹار سلمان خان کا کہنا تھا کہ 'جب میں ٹی وی پر ہوتا ہوں تو وہ اصل سلمان ہوتا ہے، اس میں کوئی ڈھونگ نہیں ہوتا اور کوئی ڈائیلاگ بازی بھی نہیں ہوتی، زندگی میں حاصل ہونے والے تجربے کو میں لوگوں کے ساتھ شیئر کرتا ہوں، یہاں تک کہ جس چیز کی وجہ سے مجھے اور میرے والدین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، میں وہ بھی لوگوں کے ساتھ شیئر کرتا ہوں کیونکہ یہ میرے اور ان کے درمیان براہ راست تعلق ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: سلمان خان نے پہلی بار عامر خان کو پیچھے چھوڑ دیا

'دس کا دم' پروگرام کی کامیاب میزبانی کے بعد سلمان خان نے 'بگ باس' کی میزبانی میں بھی مداحوں کو متاثر کیا، لیکن اداکار کا کہنا تھا کہ ابتدا میں یہ ان کے لیے آسان اور ممکن نہیں تھا کہ وہ ٹی وی شو پر اپنی اصل حیثیت میں سامنے آئیں کیونکہ وہ متعدد تنازعات میں گہرے ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ سلمان خان ان دنوں علی عباس ظفر کی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس کے فوری بعد وہ معروف ٹی وی شو 'بگ باس' کے 12ویں ایڈیشن کی میزبانی کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں