بولی وڈ کے چھوٹے خان سیف علی خان اور ایکشن ہیرو شاہد کپور کے درمیان گزشتہ چند سال سے سرد جنگ کی چہ مگوئیاں جاری ہیں۔

اگرچہ آج تک دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف بظاہر کوئی بات نہیں کی اور نہ ہی اپنے درمیان اختلافات سے متعلق آج تک کھل کر کوئی بات کی ہے۔

تاہم پھر بھی ان دونوں کے درمیان گزشتہ 6 سال سے اس وقت سے سرد جنگ کی باتیں کی جاتی ہیں، جب سے سیف علی خان نے کرینہ کپور سے شادی کی۔

ان دونوں کے درمیان سرد جنگ کی چہ مگوئیاں دراصل اس لیے کی جاتی ہیں کہ کرینہ کپور کے پہلے شاہد کپور سے تعلقات تھے اور بات ان دونوں کی منگنی اور شادی تک پہنچ گئی تھی۔

تاہم پھر اچانک ہی کرینہ کپور نے زندگی کا اہم فیصلہ کرتے ہوئے سیف علی خان سے شادی کرکے سب کو حیران کردیا۔

بولی وڈ میں یہ چہ مگوئیاں کی جاتی رہیں کہ کرینہ کپور کی جانب سے سیف علی خان سے شادی کے فیصلے سے سب سے زیادہ حیرانگی اور تکلیف شاہد کپور کی ہی ہوئی۔

تاہم اب دیکھا جائے تو دونوں ہیروز اپنی اپنی ذاتی زندگی، بیویوں اور بچوں کے ساتھ بہت خوش زندگی گزار رہے ہیں، تاہم پھر بھی ان دونوں کے درمیان سرد جنگ کی چہ مگوئیاں جاری رہتی ہیں۔

دونوں اداکاروں کی داڑھی ماضی کے مقابلے اس وقت بڑی ہے—فوٹو: اسپاٹ بائے
دونوں اداکاروں کی داڑھی ماضی کے مقابلے اس وقت بڑی ہے—فوٹو: اسپاٹ بائے

ان ہی چہ مگوئیوں کے دوران یہ خبر بھی سامنے آئی کہ شاہد کپور نے سیف علی خان کو چیلنج کرتے ہوئے سب کو حیران کردیا۔

انڈیا ٹو ڈے کے مطابق شاہد کپور نے سب کے سامنے سیف علی خان کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اس دن کا انتظار ہے، جب وہ چھوٹے خان سے آگے نکل جائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران شاہد کپور نے سیف علی خان کی داڑھی کی تعریف کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ وہ ان کی داڑھی سے بڑی ہے۔

تاہم ساتھ ہی شاہد کپور نے ہنستے ہوئے کہا کہ لیکن وہ اپنی داڑھی کو سیف علی خان کی داڑھی سے بڑا کریں گے، جس کے لیے انہیں اس دن کا انتظار ہے، جب وہ اس معاملے میں چھوٹے خان سے آگے نکل جائیں گے۔

شاہد کپور نے بتایا کہ سیف علی خان کے چہرے پر بڑی داڑھی بہت ہی اچھی لگتی ہے، تاہم وہ بھی آنے والی فلم ارجن ریڈی کے لیے داڑھی بڑھائیں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل شاہد کپور یہ اعتراف بھی کر چکے ہیں کہ ان کی ایک سالہ بیٹی میشا ان کی داڑھی سے کھیلتی رہتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’کاش کرینہ کو سیف اور شاہد کے ساتھ لا سکتا’

تاہم سیف علی خان یہ کہ چکے ہیں کہ ان کی اہلیہ کرینہ کپور اور ان کے بیٹے تیمور علی خان کو ان کی داڑھی سے مسئلہ ہے۔

سیف علی خان نے ہنستے ہوئے کہا تھا کہ جب وہ اپنے بیٹے کو کہتے ہیں کہ وہ انہیں چہرے پر بوسہ دیں تو وہ نخرے کرتے ہیں، جب کہ ہاتھ پر فورا ہی بوسہ دیتے ہیں۔

سیف علی خان اور کرینہ کپور نے 2012 میں شادی کی تھی، جب کہ ان کے ہاں 2016 میں بیٹا تیمور ہوا۔

شاہد کپور نے 2015 میں میرا راجپوت سے شادی کی اور ان کے ہاں پہلی بچی (میشا) 2017 میں ہوئی جب کہ دوسرا بیٹا 5 ستمبر 2018 کو ہوا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں