ایپل کے نئے آئی فونز کی قیمتیں سامنے آگئیں

06 ستمبر 2018
ممکنہ آئی فون ایکس ایس اور ایکس ایس میکس — فوٹو بشکریہ نائن ٹو فائیو میک
ممکنہ آئی فون ایکس ایس اور ایکس ایس میکس — فوٹو بشکریہ نائن ٹو فائیو میک

ایپل کے نئے آئی فونز کو سامنے آنے میں لگ بھگ ایک ہفتہ رہ گیا ہے مگر اس کے بارے میں لیکس کا سلسلہ ابھی بھی جاری ہے۔

ویسے تو ایپل کی جانب سے 12 ستمبر کو ان فونز کو متعارف کرایا جائے گا، مگر ان کی قیمتیں لیک ہوکر سامنے آگئی ہیں جبکہ 6.5 انچ کے ماڈل کا ممکنہ نام بھی معلوم ہوگیا ہے۔

مزید پڑھیں : ایپل کے نئے آئی فونز 12 ستمبر کو سامنے آئیں گے

یہ بات تو گزشتہ ہفتے ہی سامنے آگئی تھی کہ اس بار ایپل کی جانب سے 5.8 انچ کے آئی فون ایکس کے اپ ڈیٹ ورژن کو ایکس ایس کا نام دیا جارہا ہے مگر بڑے ماڈل کے لیے کمپنی نے معمول سے ہٹ کر نام منتخب کیا ہے۔

نائن ٹو فائیو میک کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ ایپل اب اپنے فونز میں سے پلس کے لیبل کو ہٹا رہی ہے اور بڑے ڈسپلے والے فون کو آئی فون ایکس ایس میکس کا نام دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ آئی فون سکس کے ساتھ ایپل نے سکس پلس پہلی بار متعارف کرایا تھا جس کے بعد سے یہ سلسلہ 2017 تک جاری رہا۔

اس سے ہٹ کر ایک اور رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ ایپل کی جانب سے 2018 کے نئے ماڈلز کے لیے گزشتہ سال کی قیمتوں کو برقرار رکھا جائے گا۔

یعنی آئی فون ایٹ کی جگہ آئی فون ایکس جیسے ڈسپلے مگر ایل سی ڈی اسکرین کے ساتھ 64 جی بی اسٹوریج والے آئی فون (ممکنہ طور پر آئی فون 9) کو 699 ڈالرز (86 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔

اسی طرح 5.8 انچ کا ایکس فون ایکس ایس کے 64 جی بی اسٹوریج والا ورژن 799 ڈالرز (98 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ ایکس ایکس ایس میکس کو 999 ڈالرز (ایک لاکھ 22 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : ایپل کے نئے آئی فون ایکس ایس کی پہلی جھلک دیکھیں

خیال رہے کہ یہ قیمت ممکنہ طور پر امریکا یا یورپ میں ہوگی، پاکستان میں عام طور پر آئی فون سیریز کے فونز دیگر ممالک کے مقابلے میں زیادہ مہنگے ہوتے ہیں۔

ایپل کے 2 نئی ڈیوائسز یعنی آئی فون ایکس ایس اور ایکس ایس میکس او ایل ای ڈی ڈسپلے، ڈوئل رئیر کیمروں، 2x زوم اور فیس آئی ڈی جیسے فیچرز کے ساتھ ہوں گے جبکہ آئی فون 9 یا جو بھی اس کا نام ہوگا، کے بیک پر سنگل کیمرہ دیا جائے گا، تاہم فیس آئی ڈی کا فیچر بھی اس میں دیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں