کی کی چیلنج کرنے والی یورپی خاتون نے کراچی کو کیسا پایا؟

اپ ڈیٹ 10 ستمبر 2018
خاتون نے پی آئی اے کے تعاون سے کراچی کا دورہ کیا—فوٹو: ایوابیانکا زو بک انسٹاگرام
خاتون نے پی آئی اے کے تعاون سے کراچی کا دورہ کیا—فوٹو: ایوابیانکا زو بک انسٹاگرام

گزشتہ ماہ اگست کو یوم آزادی کے موقع پر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی جانب سے جشن آزادی کو منفرد طریقے سے منانے کی غرض سے پاکستان کے قومی جھنڈے کے ساتھ رقص کرنے والی یورپی سیاح خاتون نے اس بار ملک کے سب سے بڑے شہر کا دورہ کیا۔

پولش نژاد برطانوی خاتون ایوا بیانکا زو بک نے اس بار بھی پی آئی اے کی دعوت پر صوبہ سندھ کے دارالحکومت اور ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کا دورہ کیا اور دنیا کو یہ بتانے کی کوشش کی کہ یہ شہر ایک عام شہر نہیں۔

پی آئی اے کے فیس بک پر جاری کی گئی 14 منٹ سے کم دورانیے کی ویڈیو میں ایوا بیانکا زو بک کو سرکاری ایئر لائن کی پرواز میں اسلام آباد سے کراچی آتے ہوئے اور پھر واپس دارالحکومت جاتے ہوئے بھی دکھایا گیا۔

مختصر دورانیے کی ویڈیو میں ایوا بیانکا زو بک نے کراچی کے معروف ترین مقامات کی سیر کی، ساتھ ہی وہ کثیر الثقافتی شہر کے لذیذ کھانوں سے بھی لطف اندوز نظر آئیں۔

ایوا بیانکا زو بک ویڈیو میں دکھائی جانے والی جگہوں سے متعلق بھی ناظرین کو مختصر معلومات بتاتی نظر آتی ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترنے کے بعد وہ سب سے پہلے کراچی کی قدیمی و معروف مارکیٹ ‘امپریس مارکیٹ’ پہنچتی ہیں، جہاں وہ مارکیٹ کے اندر داخل ہوکر نہ صرف سبزی اور راشن کے دکانوں پر جاتی ہیں، بلکہ انہوں نے گوشت مارکیٹ کا بھی دورہ کیا۔

ویڈیو میں وہ امپریس مارکیٹ کے باہر ڈرائی فروٹ فروش خواتین سے بات کرتے بھی نظر آتی ہیں۔

ایوا بیانکا زوبک کا اگلا پڑاؤ مزار قائد ہوتی ہے، جہاں وہ گھومنے آنے کے لیے طلبہ کے ساتھ تصاویر بھی بناتی نظر آتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: یورپی سیاح کے ’کی کی‘ چیلنج پر پی آئی اے کو مشکل کا سامنا

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ برطانوی نژاد سیاح خاتون مزار قائد کا دورہ کرنے کے بعد کراچی کی معروف فوڈ اسٹریٹ ‘برنس روڈ’ پہنچتی ہیں، جہاں وہ لذیذ کھانا کھانے کے بعد میٹھا بھی کھاتی نظر آتی ہیں۔

برنس روڈ سے قبل وہ طارق روڈ بھی جاتی ہیں، جہاں وہ شاپنگ کرتی نظر آتی ہیں۔

بعد ازاں وہ پہلے ‘مہتا پیلس’ اور پھر ساحل سمندر پر جاتی ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایوا بیانکا زوبک ساحل سمندر میں اونٹ اور گھوڑے کی سواری بھی کرتی ہیں۔

ساحل سمندر سے لطف اندوز ہونے کے بعد وہ ‘دو دریا’ پہنچتی ہیں، جہاں وہ ایک بار پھر لذیذ کھانوں سے اپنی بھوک مٹاتی ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آخر میں وہ اپنا کراچی کا دورہ مکمل کرکے واپس اسلام آباد کے لیے پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے روانہ ہوتی ہیں۔

خیال رہے کہ ایوا بیانکا زوبک کراچی کے علاوہ بھی پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد اور لاہور جیسے شہروں سمیت دیگر مقامات کا دورہ کر چکی ہیں۔

مزید پڑھیں: یورپی سیاح ایوا بیانکا کے خلاف نیب کا کیس ختم؟

سیاح خاتون کے ٹو بیک کیمپ سمیت شمالی علاقہ جات کا بھی دورہ کر چکی ہیں اور ان کے انسٹاگرام پر پاکستان کے کئی سیاحتی مقامات کی تصاویر موجود ہیں۔

ایوا کی پیدائش پولینڈ کی ہے مگر ان کی زندگی کا بیشتر حصہ برطانیہ میں گزرا، مگر اب وہ دنیا کی سیاحت پر نکلی ہوئی ہیں اور اس حوالے سے ان کی اپنی بلاگ ویب سائٹ بھی ہے۔

کچھ عرصے پہلے ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے بتایا تھا ' پاکستان آنے سے پہلے مجھے ہر ایک کہتا تھا کہ وہاں خیال رکھنا، وہ بہت خطرناک ملک ہے خصوصاً خواتین کے لیے، لہذا مجھے کسی اور جگہ چلے جانا چاہئے، مگر میں نے یہاں کی جو تصاویر دیکھیں وہ انتہائی زبردست تھین اور میرا خیال تھا کہ یہ اپنی طرز کا منفرد تجربہ ہوگا، یہ سچ ہے کہ اکیلے آتے ہوئے میں کچھ نروس تھی اور مجھے اندازہ نہیں تھا کہ یہاں کیسے حالات کا سامنا ہوگا‘۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ تاہم یہاں آمد کے بعد پاکستان کے بارے میں ان کے خیالات مکمل طور پر بدل کر رہ گئے 'یہاں آنے کا فیصلہ بطور سیاح کیے جانے والے چند بہترین فیصلوں میں سے ایک ثابت ہوا، مجھے یہاں کے لوگوں اور میڈیا کے بارے میں جو کچھ بتایا گیا تھا وہ سب غلط نکلا، یہاں کی قدرتی خوبصورتی، تاریخ اور لوگوں نے مجھے متاثر کیا، مجھے خوشی ہے کہ میں انہیں دنیا کے سامنے پیش کرسکی اور پلیٹ فارمز جیسے انسٹاگرام اور یوٹیوب وغیرہ سے اس کے بارے میں تصور بدلنے میں مدد کرنے لگی'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں