دپیکا اور رنویر کی شادی سندھی روایات کے مطابق ہوگی؟

اپ ڈیٹ 08 ستمبر 2018
جوڑے نے تاحال اس حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا—فوٹو: مڈ ڈے
جوڑے نے تاحال اس حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا—فوٹو: مڈ ڈے

گزشتہ ماہ 15 اگست کو یہ خبر سامنے آئی تھی کہ بولی وڈ ڈمپل گرل دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی رواں برس 20 نومبر کو ہوگی۔

فلم فیئر نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ رنویر اور دپیکا کی شادی 20 نومبر کو اٹلی میں ہوگی، جس میں صرف 30 افراد شامل ہوں گے۔

اس خبر کے ایک دن بعد یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ان کی شادی میں موبائل فون لانے پر پابندی ہوگی۔

اگرچہ دونوں نے تاحال منگنی بھی نہیں کی، تاہم ان کی شادی کی تاریخ سامنے آگئی ہے۔

ان کی شادی کے حوالے سے یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ دونوں کی شادی روایتی ہندوستانی طریقے کے تحت ہی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: دپیکا اور رنویر کی شادی 20 نومبر کو ہوگی

لیکن اب ان دونوں کی شادی کے حوالے سے تازہ خبر یہ ہے کہ ان کی شادی خالصتا سندھی روایات کے مطابق ہوگی۔

نشریاتی ادارے مڈ ڈے نے نے اپنی خبر میں بتایا کہ اطلاعات ہیں کہ رنویر اور دپیکا کی شادی سندھی روایات کے مطابق ہوگی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ رنویر سنگھ کے گھر والے چاہتے ہیں کہ ان کی شادی سندھی روایات کے مطابق ہو۔

رپورٹ کے مطابق ان کی شادی میں سندھی کمیونٹی کی شادی کی خاص رسم ‘سانتھ’ بھی ادا کی جائے گی۔

اس خصوصی رسم کے تحت دولہے کے قریبی دوست اور رشتہ دار خوشی کے غرض سے دولہا کے پرانے کپڑے پھاڑ دیتے ہیں اور انہیں نیا جوڑا پہنا کر تیار کیا جاتا ہے۔

یہ رسم نہ صرف سندھی کمیونٹی بلکہ بھارت کی دیگر کمیونٹیز میں بھی منائی جاتی ہے۔

سندھی روایتی شادی میں اسی سے ملتی جلتی ایک اور رسم بھی ہوتی ہے، جس کے تحت دولہا کے بہترین رازدار دوست (بیسٹ مین) کے بھی کپڑے پھاڑے جاتے ہیں۔

مزید پڑھیں: دپیکا اور رنویر کی شادی میں موبائل فونز لانا ممنوع

نشریاتی ادارے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اگرچہ رنویر سنگھ کے خاندان نے روایتی سندھی طریقے سے شادی کی رسومات ادا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے، تاہم تاحال اس حوالے سے جوڑے نے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

خیال رہے کہ رنویر سنگھ کا تعلق سندھی فیملی سے ہے، ان کے پردادا تقسیم بر صغیر کے بعد سندھ کے دارالحکومت کراچی سے ممبئی منتقل ہوئے تھے۔

رنویر سنگھ 1985 میں ممبئی جگجیت سنگھ بھوانی کے گھر پیدا ہوئے، اداکار کا پورا نام رنویر سنگھ بھوانی ہے۔

دپیکا پڈوکون کی پیدائش ہند آریائی خاندان میں یورپی ملک ڈینمارک میں ہوئی۔

اداکارہ کے والد پرکاش پڈوکون بیڈمنٹن کے بہترین کھلاڑی رہے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں