لاہور: جوڈیشل مجسٹریٹ نے جی ٹی روڈ پر واقع کپڑے کی دکان میں مبینہ طور پر چوری کے الزام میں خواتین پر تشدد کرنے والے ملزمان کو ضمانت پر رہا کردیا۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو منظر عام پر آئی تھی جس میں 2 افراد کو 2 خواتین پر ڈنڈوں سے تشدد کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: لاہور: دکانداروں کا خواتین پر بہیمانہ تشدد

واقعہ منظر عام پر آنے کے بعد تھانہ باٹا پور پولیس نے نوٹس لیتے ہوئے ملزم اعجاز احمد، عدنان احمد اور دیگر 2 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تھا۔

بعد ازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد عدنان اور کامران کو گرفتار کیا جنہیں آج کینٹ کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ مہرالنسا کے رو برو پیش کیا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان کے قبضے سے تشدد کے لیے استعمال ہونے والے ڈنڈے برآمد کرنا ابھی باقی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: خواتین پر تشدد کے خاتمے کیلئے کیا کرنا ہوگا؟

پاکستان پینل کوڈ 342، 354، 506 اور 34 کے تحت ملزمان کے خلاف درج مقدمے میں ملزمان پر خواتین کو غیر قانونی طور پر قید کرنے، تشدد کا نشانہ بنانے اور قتل کرنے کی دھمکی دینے کے الزامات ہیں۔

عدالت نے دونوں خواتین کو کپڑے کی تھان چوری کرنے کے الزام میں تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزمان اور پولیس کے تمام دلائل اور ثبوتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں 30، 30 ہزار مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کردیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں