اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے مطالبے پر حکومت عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کو تیار ہے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی جانب سے ویڈیو پیغام میں لگائے گئے سنگین الزامات کا جواب دیتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن دھاندلی کی نوعیت کے بارے میں بتانے میں ناکام رہی ہے اور نہ ہی اب تک دھاندی کے الزامات کی تحقیقات کے لیے کوئی ریفرنس جمع کرایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن دھاندلی سے متعلقی کوئی بھی ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے اور ہو اس کا معاملہ سیاسی مقاصد کے طور پر استعمال کررہی ہے، لہٰذا اپوزیشن کو مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے ٹھوس ثبوت فراہم کرنے چاہئیں۔

مزید پڑھیں: انتہاپسندوں کے آگے نہیں جھکیں گے،وفاقی وزیر اطلاعات

اس موقع پر فواد چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر اعظم خان سواتی کی جانب سے ریزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آر ٹی ایس) میں خرابی کی نشاندہی پر ان کی تعریف کی۔

اپنی گفتگو کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں کو کم کرنے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت شفافیت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ سی پیک کے تمام منصوبوں کو مکمل کرے گی۔

بجلی، گیس اور کھاد کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا بلکہ مسلم لیگ(ن) کی سابقہ حکومت نے بجلی، گیس کے محکموں اور کھاد کی صنعت کو تباہ کردیا۔

انہوں نے شہباز شریف کی جانب سے لگائے گئے سنگین الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو کرپشن کے الزمات کے باعث جیل جانا پڑا کیونکہ وہ اپنے اثاثوں اور آمدنی کے ذرائع ثابت کرنے میں ناکام ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بیرون ملک اثاثوں کی واپسی کیلئے ٹاسک فورس تشکیل

انہوں نے کہا کہ کسی نے بھی اتنی کم مدت میں اتنی زیادہ رقم نہیں بنائی ہوگی، جتنی نواز شریف نے بنائی تھی۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے پی ٹی آئی کی حکومت اقدامات اٹھا رہی ہے اور وزیر اعظم عمران خان وہ شخص ہیں، جس پر ہر کوئی اعتماد کرتا ہے کہ وہ عطیہ کی گئی رقم کا ایمانداری سے صحیح جگہ استعمال کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا خیال تھا کہ اپوزیشن ڈیمز کے لیے عطیات ک اعلان کرے گی لیکن انہوں نے عطیات کی اپیل پر تنقید کی۔


یہ خبر 09 ستمبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں