عامر خان نے مثال قائم کردی

09 ستمبر 2018
عامر خان آدھی رات کو ہسپتال پہنچے—فائل فوٹو: انڈین ایکسپریس
عامر خان آدھی رات کو ہسپتال پہنچے—فائل فوٹو: انڈین ایکسپریس

بولی وڈ اداکار عامر خان کو ان کی اچھی اداکاری اور بہترین خیالات کی وجہ سے ‘مسٹر پرفیکشنسٹ’ کہا جاتا ہے۔

تاہم ان کی اچھائی صرف اداکاری اور فلموں کو منفرد انداز میں فلمانے تک محدود نہیں۔

بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ نے اپنی کامیاب فلم ‘دنگل’ میں ساتھ کام کرنے والے ایک تکنیکی ماہر کی نصف شب کو مدد کرکے ایک نئی مثال قائم کردی۔

ہوا کچھ یوں کے ان کی فلم ‘دنگل’ میں ساؤنڈ انجنیئر کی خدمات سر انجام دینے والے 44 سالہ ایوارڈ یافتہ شجیت کیوری کو فالج اٹیک ہونے پر ممبئی کے ایک ہسپتال میں لایا گیا، جہاں کئی گھنٹے گزرجانے کے باوجود کسی ڈاکٹر نے ان کا معائنہ ہی نہیں کیا۔

ساؤنڈ انجنیئر کی حالت خطرے سے باہر ہے—فوٹو: ٹائمز ناؤ
ساؤنڈ انجنیئر کی حالت خطرے سے باہر ہے—فوٹو: ٹائمز ناؤ

نشریاتی ادارے ‘ممبئی مرر’ کے مطابق کئی گھنٹے گزرجانے کے باوجود شجیت کیوری کا میڈیکل چیک اپ نہ ہونے پر ان کے اہل خانہ نے مسٹر پرفیکشنسٹ کو فون کرکے مدد کے لیے درخواست کی۔

رپورٹ کے مطابق عامر خان نے شجیت کیوری کی طبیعت خراب ہونے کا سننے کے بعد فورا ہی آدھی رات کو ہسپتال کا رخ کیا اور وہاں پہنچنے پر انہیں پتہ چلا کہ ہسپتال میں کوئی ڈاکٹر موجود ہی ںہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عامر خان نے ممبئی کے لیلاوتی ہسپتال میں ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی غیر موجودگی کی وجہ سے ساتھی ساؤنڈ انجنیئر کو ممبئی کے ایک اور نجی ہسپتال ‘کوکلیبن دھروبائی’ ہسپتال منتقل کیا۔

مزید پڑھیں: وہ لمحات جب عامر خان مسٹر پرفیکشنسٹ نہیں رہتے

نجی ہسپتال میں ساؤنڈ انجنیئر کو منتقل کرنے کے بعد عامر خان نے ہسپتال کے بانی اور معروف صنعت کار مکیش امبانی کو فون کرکے شجیت کیوری کو فوری طور پر ٹریٹمنٹ فراہم کرانے کے لیے کہا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عامر خان کے فون پر مکیش امبانی نے ہسپتال عملے کو فوری طور پر شجیت کیوری کا علاج کرنے کی ہدایت کی اور اس طرح ساؤنڈ انجنیئر زندگی کی بازی ہارنے سے بچ گئے۔

خبر کے مطابق ساؤنڈ انجنیئر کو فالج کا شدید حملہ ہوا تھا اور انہیں انتہائی تشویش ناک حالت میں ہسپتال لایا گیا تھا، تاہم اب عامر خان کی وجہ سے ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

فالج کے حملے سے متاثر ہونے والے ساؤنڈ انجنیئر نے نیشنل ایوارڈ سمیت فلم فیئر ایوارڈ بھی جیت رکھے ہیں۔

انہوں نے عامر خان کی فلم ‘دنگل’ سمیت دیگر معروف بولی وڈ فلموں میں ساؤنڈ انجنیئر کی خدمات سر انجام دیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں