Dawnnews Television Logo

آڈی اے ون اسپورٹ بیک کی ٹیسٹ ڈرائیو

جرمنی میں گاڑی کی قیمت 20 ہزار یورو سے شروع ہوتی ہے.
اپ ڈیٹ 19 ستمبر 2018 10:44pm

رواں سال آڈی کومپیکٹ اے ون کا دوسرا ماڈل مارکیٹ میں لانے کے لیے تیار ہے جس میں بہتر پرفارمنس کے ساتھ ہوگی نئی ٹیکنالوجی۔

2010ء میں متعارف ہونے والی آڈی اے ون اب تک 8 لاکھ 30 ہزار کی تعداد میں فروخت ہوچکی ہیں۔ اس گاڑی نے شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔

اے ون کے دوسرے ماڈل میں اب آپ کئی کسٹمائزایبل خصوصیات حاصل کر سکیں گے۔ آپ اس گاڑی کے اسپوائلر، سائڈ مرر کی ہاؤسنگز اور سائڈ اسکرٹس کے لیے 10 رنگوں کو مکس اور میچ بھی کرواسکتے ہیں۔

آڈی اے ون کا پلیٹ فارم سیاٹ ایبیزا اور وی ڈبلیو پولو کی طرز پر بنایا گیا ہے۔

آڈی کے ڈیزائن یونٹ سے تعلق رکھنے والے یوگن لوفلر کہتے ہیں کہ اصل مقصد گاڑی کے لیے ایک مکمل طور پر ایک نیا کریکٹر تیار کرنا تھا۔ مگر اس کے ساتھ ساتھ آڈی کی حقیقی شناخت کو بھی گاڑی میں شامل رکھنا تھا۔ نئی آڈی اے ون کی سنگل فریم گرل وسیع اور ہموار ہے۔

اگلے حصے کے تین سِلٹ دراصل اسپورٹ کوانٹرو گرل کی یاد تازہ کرتے ہیں جو آڈی کی بنیادی پہچان ہے۔

اس گاڑی میں شامل ہیں نئی ڈے ٹائم رننگ لائٹس، بڑے ایئر انٹیکس اور جعلی نما گرل ہے جو ہائی پرفارمنس آر ایس ماڈلز میں نظر آتی ہے۔ مطلب یہ کہ یہ اے ون کے اگلے حصے کو اسپورٹی بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔

مجھے اس نئی طرز کی رننگ لائٹس پر کافی فخر محسوس ہوتا ہے اور اس گاڑی کی چوڑائی بھی کافی پرکشش ہے۔

گاڑی کا اگلا حصہ مخصوص آڈی طرز کا ہے یعنی جارحانہ اور اسپورٹی۔

جبکہ گاڑی کے پچھلے حصے میں لگے بڑے ایگزاسٹ بھی اسپورٹی طرز کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

گاڑی کی ڈگی میں 65 لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے یعنی اب کل گنجائش 335 لیٹر ہوگی۔

اندرونی حصے کو زیادہ سے زیادہ شاندار اسپورٹی طرز دینے کے لیے، اے ون میں اب اے 8 کا انفوٹینمنٹ سسٹم نصب کیا گیا ہے۔

تمام کنٹرولز ڈیجیٹل ہونے کے ساتھ بہترین جگہ پرنصب ہیں۔ گاڑی میں ساؤنڈ سسٹم کا بھی خاص خیال رکھا گیا ہے، اس لیے ہی بانگ اینڈ اولفسن کمپنی کی خاص خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔

گاڑی کے بیرونی اور اندرونی حصے کی مناسبت سے سیٹوں کے رنگ کا بھی انتخاب کیا جاسکتا ہے۔

ڈیجیٹیشن اپنے صارفین کے لیے ایک بہت ہی بڑا کردار ادا کرتی ہے، اسی لیے نئی اے ون میں ایک ڈیجیٹل انسٹرومنٹ نصب کیے گئے ہیں۔ اسی طرح اسٹیئرنگ وہیل بھی ملٹی فنکشنل ہے۔ بڑا سینٹرل ڈسپلے گاڑی کے اندرونی ڈیزائن کو مزید خوبصورت بنا دیتا ہے اور یقیناً گاہک ڈائنامک طرز اور اسپورٹی پرفارمنس میں خاصی دلچسپی بھی رکھتے ہیں۔

پارٹیکل فلٹرز کے ساتھ 70 سے 147 کلوواٹ تک کی رینج کے انجز دستیاب ہوں گے۔ ڈیزل کا کوئی آپشن نہیں۔ جرمنی میں گاڑی کی قیمت 20 ہزار یورو سے شروع ہوتی ہے اسی لیے ایسے کئی نوجوان ضرور ہوں گے جو اس نئی اے ون کو خریدنا چاہیں گے اور خرید بھی سکیں گے۔


یہ تحریر ڈوئچے ویلے (ڈی ڈبلیو) کے اشتراک سے تحریر کی گئی۔

ترجمہ: ایاز احمد لغاری —ایڈیٹر : وقار محمد خان