راہبہ کے پر اسرار قتل کی تفتیش کرتا پادری اور’دی نن’

اپ ڈیٹ 09 ستمبر 2018
فلم کو 7 ستمبر کو ریلیز کیا گیا—اسکرین شاٹ
فلم کو 7 ستمبر کو ریلیز کیا گیا—اسکرین شاٹ

ہولی وڈ کی ہارر فلم ‘دی نن’ نے ریلیز ہوتے ہی اپنی سیریز کی پہلی فلموں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

‘دی نن’ کو شمالی امریکا، بھارت اور یورپی ممالک سمیت دنیا کے کئی ممالک میں گزشتہ روز 7 ستمبر کو ریلیز کیا گیا تھا۔

یہ فلم کونجیورنگ سیریز کی پانچویں فلم ہے، جو کونجیورنگ 2 کے ایک منظر میں دکھائی جانے والی نن (راہبہ) رپر بنائی گئی ہے۔

فلم کی کہانی ایک 'شیطانی نن' (راہبہ) کے پر اسرار قتل کے گرد گھومتی ہے، جس سے متعلق خیال کیا جاتا ہے کہ اس نے خودکشی کی ہوگی۔ فلم میں بتایا گیا ہے کہ اس راہبہ کا تعلق رومانیہ سے تھا جس نے مبینہ طور پر خودکشی کی۔

یہ بھی پڑھیں: دی نن کا ٹریلر ہی خوفزدہ کردینے کے لیے کافی

فلم کے پلاٹ کے مطابق راہبہ کے پراسرار قتل کے بعد ایک پادری اور اس کے ایک ساتھی کو اس معاملے کی تحقیقات کے لیے بھیجا جاتا ہے اور وہ مل کر اس کے قتل کی کھوج لگاتے ہیں۔

فلم خوفناک مناظر سے بھری ہوئی ہے—اسکرین شاٹ
فلم خوفناک مناظر سے بھری ہوئی ہے—اسکرین شاٹ

فلم میں 1952 کا دور دکھایا گیا ہے اور فلم میں راہبہ کے قتل کی کھوج لگانے والے پادری اور اس کے ساتھی کو حیران کن واقعات سے نبرد آزما ہوتے دکھایا گیا ہے۔

اس سیریز کی پہلی فلم 2013 میں کونجیورنگ تھی، جس کے بعد 2014 میں اینابیل ریلیز ہوگئی، 2016 میں کونجیورنگ 2 اور 2017 میں اینابیل: کریشئین سامنے آئی۔

کونجیورنگ 3 اور اینابیل کی تیسری فلم پر بھی کام کیا جارہا ہے، جن سے متعلق خیال ہے کہ انہیں بھی جلد ریلیز کرنے کا اعلان کردیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: اس فلم کو دیکھنا کمزور دل افراد کے بس کی بات نہیں

‘دی نن’ کی ہدایات کورین ہارڈی نے ہی دی ہیں، جبکہ اسے کونجیورنگ کے ڈائریکٹر جیمز وان نے پروڈیوس کیا ہے۔

فلم کی کاسٹ میں ٹیاسا فرمیگا، بونی ایرونز،جونی کوئنے، ڈیمین بیچر، سینڈرا روسکواور شارلیٹ ہوپ سمیت دیگر شامل ہیں۔

فلم نے پہلے ہی دن ریکارڈ کمائی کی—اسکرین شاٹ
فلم نے پہلے ہی دن ریکارڈ کمائی کی—اسکرین شاٹ

باکس آفس موجو کے مطابق ‘دی نن’ نے ریلیز کے پہلے ہی دن امریکا بھر سے 22 کروڑ 37 لاکھ ڈالر سے زائد کی کمائی کرکے اپنی ہی سیریز کی تمام فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

فلم کو امریکا بھر میں 4 ہزار کے قریب سینما گھروں کی زینت بنایا گیا تھا اور اس نے توقعات سے بڑھ کر کمائی کی۔

‘دی نن’ پہلے ہی دن 22 کروڑ 37 لاکھ ڈالر (پاکستانی 22 ارب 37 کروڑ سے زائد) کمانے والی سیریز کی پہلی فلم بن گئی۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم پہلے ہفتے میں 100 کروڑ ڈالر یعنی پاکستانی 100 ارب روپے سے زائد کی کمائی کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔

تبصرے (1) بند ہیں

Aqsa Javaid Sep 10, 2018 12:38pm
Wow