امریکی گلوکارہ پر گلوکار کی موت کا سبب بننے کا الزام

اپ ڈیٹ 09 ستمبر 2018
گلوکار نے اب تک 5 میوزک ایلبم ریلیز کیے تھے—فوٹو: ای ڈی ایم ساس
گلوکار نے اب تک 5 میوزک ایلبم ریلیز کیے تھے—فوٹو: ای ڈی ایم ساس

رواں ماہ یکم ستمبر کو معروف امریکی گلوکارہ اریتھا فرینکلن کی آخری رسومات کے دوران بشپ کے نامناسب رویے کا سامنا کرنے والی 25 سالہ گلوکارہ آریانا گرینڈے پر لوگوں نے الزام لگایا ہے کہ وہ ہی ایک امریکی نوجوان گلوکار کی موت کا سبب ہیں۔

آریانا گرانڈے پر لوگوں نے سوشل میڈیا پر الزام عائد کیا کہ ان کی وجہ سے ہی نوجوان ریپر و گلوکار 26 سالہ میک ملر 8 ستمبر کو ہلاک ہوئے۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی’ کے مطابق میک ملر 8 ستمبر کو لاس اینجلس میں اپنے ہی گھر میں مردہ پائے گئے۔

رپورٹ میں ایک اور نشریاتی ادارے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پولیس حکام کو ایک نامعلوم شخص نے رپورٹ کی تھی، جس کے بعد حکام نے گلوکار کے گھر آکر ان کی لاش کو اپنی تحویل میں لیا۔

فوری طور پر سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق میک ملر کی موت حد سے زیادہ منشیات کے استعمال کی وجہ سے ہوئی۔

تاہم یہ معلوم نہیں کیا جاسکا کہ انہوں نے کس طرح کی منشیات کا استعمال کیا۔

دونوں کے درمیان 2 سال تک گہرے تعلقات رہے—فوٹو: سلیبرٹی انسٹا
دونوں کے درمیان 2 سال تک گہرے تعلقات رہے—فوٹو: سلیبرٹی انسٹا

رپورٹ کے مطابق پولیس نے گلوکار کی لاش کو تحویل میں لینے کے بعد تصدیق کی کہ ان کی ہلاکت کافی دیر قبل ہوچکی تھی۔

میک ملر کی موت کے بعد امریکی گلوکاروں اور شوبز شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا، جب کہ کئی شخصیات نے انہیں اچھا گلوکار بھی قرار دیا۔

میک ملر کی ہلاکت کے بعد 25 سالہ گلوکارہ آریانا گرینڈے نے بھی انسٹاگرام پر ان کی ایک تصویر کو بلیک اینڈ وائیٹ انداز میں بغیر کیپشن کے شیئر کیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے ‘میٹرو’ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ گلوکارہ کی جانب سے آنجھانی گلوکار کی تصویر شیئر کیے جانے کے بعد لوگوں نے انہیں برا بھلا کہنا شروع کرتے ہوئے انہیں ہی معاملے کا ذمہ دار قرار دیا۔

آریانا گرینڈے کی تصویر پر کمنٹس کرنے والے کئی افراد نے انہیں قصور وار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ وہ ہی میک ملر کی اچانک ہلاکت کی ذمہ دار ہیں۔

لوگوں نے اداکارہ کو سنگ دل قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ آپ کے لیے پاگل تھا اور آپ نے ہی حقیقت میں انہیں قتل کیا۔

لوگوں کی تنقید کے بعد انسٹاگرام پر کمنٹس کے آپشن کو ہی بلاک کردیا۔

اداکارہ نے کمنٹس کا آپشن ہی بند کردیا—اسکرین شاٹ
اداکارہ نے کمنٹس کا آپشن ہی بند کردیا—اسکرین شاٹ

دوسری جانب برطانوی نشریاتی ادارے ‘بی بی سی’ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ماضی میں آریانا گرینڈے اس بات پر افسوس کا اظہار کر چکی تھیں کہ کوششوں کے باوجود وہ میک ملر کو منشیات سے دور نہیں کر پائیں۔

رپورٹ کے مطابق آریانا گرینڈے نے تسلیم کیا کہ میک ملر حد سے زیادہ منشیات کا عادی تھا اور وہ انہیں روکنے کی کوشش بھی کرتی رہیں، تاہم یہ ممکن نہیں ہوسکا۔

دونوں ایک ساتھ پرفارمنس بھی کرچکے ہیں—فوٹو: ہاٹ نیوز
دونوں ایک ساتھ پرفارمنس بھی کرچکے ہیں—فوٹو: ہاٹ نیوز

واضح رہے کہ آریانا گرینڈے اور میک ملر کے درمیان 2 سال تک انتہائی رازدارانہ تعلقات رہے، انہوں نے ایک ساتھ زندگی گزارنے سمیت ایک دوسرے کے میوزک ایلبم میں بھی ایک دوسرے کی مدد کی۔

آریانا گرینڈے نے میک ملر کے ایک گانے میں پرفارمنس کرنے سمیت ان کے میوزک ایلبمز کی تیاریوں میں بھی ان کا ساتھ دیا۔

تاہم ان دونوں کے درمیاں رواں برس مئی میں تعلقات ختم ہوگئے اور آریانا گرینڈے ایک اور امریکی اداکار کے ساتھ منسلک ہوگئیں۔

آریانا اعتراف کر چکی ہیں کہ میک ملر حد سے زیادہ منشیات استعمال کرتے تھے—فوٹو: ہولی وڈ لائف
آریانا اعتراف کر چکی ہیں کہ میک ملر حد سے زیادہ منشیات استعمال کرتے تھے—فوٹو: ہولی وڈ لائف

امریکی میڈیا میں رپورٹیں گردش کر رہی ہیں کہ میک ملر کو آریانا گرینڈے سے الگ ہونے کا افسوس تھا اور وہ ان کے ساتھ گزارے گئے وقت کو بھلا کر آگے بڑھنے کے لیے کوشاں تھے۔

رپورٹس ہیں کہ اگرچہ میک ملر شروع سے ہی منشیات کے عادی تھے، تاہم انہوں نے آریانا گرینڈے سے تعلقات ختم ہونے کے بعد منشیات کے استعمال میں اضافہ کیا تھا۔

میک ملر کے موت کے سبب کے الزامات لگنے کے بعد تاحال آریانا گرینڈے نے اس حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا۔

میک ملر نے 15 سال کی عمر میں پہلے ہی گانے سے شہرت حاصل کی تھی، انہوں نے اب تک 5 میوزک ایلبم ریلیز کیے تھے، ان کا آخری ایلبم چند ماہ قبل ہی ریلیز ہوا تھا۔

دونوں نے مئی 2018 میں علیحدگی اختیار کرلی تھی—فائل فوٹو: شی میگزین
دونوں نے مئی 2018 میں علیحدگی اختیار کرلی تھی—فائل فوٹو: شی میگزین

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں