وفاقی حکومت نے اپنی میڈیا حکمت عملی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے اخراجات سمیت موجودہ حکومت کے اہم منصوبوں کو نمایاں کیا جائے گا۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت میڈیا کی حکمت عملی کے حوالے سے اعلیٰ قیادت کا اجلاس بنی گالا میں ہوا جہاں فیصلے کیے گئے۔

وزیراطلاعات فواد چوہدری کے مطابق اجلاس میں حکومت کے بڑے فیصلوں کو نمایاں کرنے کی حکمت عملی بنائی گئی۔

اجلاس میں اخراجات میں واضح کمی، وزیر اعظم کے صوابدیدی اختیارات کا خاتمہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ متوسط طبقے کے نمائندے کا بطور وزیر اعلیٰ پنجاب انتخاب کو بھی ذرائع ابلاغ میں نمایاں کیا جائے گا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے دوران ہونے والے خرچوں کی تفصیلات بھی عوام کے سامنے لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ گزشتہ حکومت کی طرف سے پیدا کی گئی معاشی اور بالخصوص توانائی کے شعبے میں ہونے والی بدحالی پر بریفنگز دی جائیں گی۔

وفاقی وزیر اطلاعت و نشریات کے مطابق اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ تمام فیصلے مشاورت کے ساتھ اور پارلیمان کو اعتماد میں لے کر کیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے جنوبی پنجاب سے کے علاقے ڈیراغازی خان سے منتخب ہونے والے رکن عثمان بزدار کو پنجاب کا وزیراعلیٰ مقرر کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں