واٹس ایپ استعمال کرنا عام سی بات ہے اور آج کل کے نوجوان میسجنگ کے لیے اسے اکثر استعمال کرتے ہیں، لیکن اگر اس کی وجہ سے شادی ٹوٹ جائے تویہ حیران کن ضرور ہے ، بھارت میں ایسا انوکھا واقعہ پیش آیا ہے۔

بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع امروہہ میں ایک خاندان نے شادی کے دن یہ کہہ کرانکار کردیا کہ لڑکی واٹس ایپ کا بہت زیادہ استعمال کرتی ہے۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کےمطابق پولیس نے بتایا کہ دولہے اور اس کے گھروالوں نے عین شادی کے روز لڑکی پر الزامات عائد کرتے ہوئے رشتہ ختم کردیا کہ وہ شادی سے قبل سسرال والوں کو واٹس ایپ پر بہت زیادہ پیغامات بھیجتی تھی۔

پولیس رپورٹس کے مطابق یہ حیران کن واقعہ امروہہ کے گاؤں میں بدھ کے روز پیش آیا جب دلہن اور اس کے گھر والے بارات کا انتظار کررہے تھے لیکن بارات کبھی نہیں آئی۔

پولیس کاکہنا تھا کہ مذکورہ دلہن کے والد نے جب لڑکے والوں کو فون کیا تو انہوں نے یہ کہہ کر شادی توڑ دی کی لڑکی واٹس ایپ کا بہت زیادہ استعمال کرتی تھی۔

تاہم امروہہ کے پولیس سپرنٹنڈٹ وپن تادا نے بتایا کہ لڑکی کے گھروالوں نے اس دعویٰ کو مسترد کردیا اور کہا کہ دراصل لڑکے والوں نے جہیز کا مطالبہ کیا تھا جو پورا نہ ہونے پر شادی سے انکار کردیا۔

دولہن کے گھروالوں کا کہنا تھا کہ لڑکے والوں نے عین موقع پر شادی اس لیے کینسل کی کیونکہ وچاہتے تھے کہ دلہن کے گھروالے جہیز دیں۔

لڑکی کے والد عروج مہندی نے لڑکے والوں کے خلاف جہیز میں 65 لاکھ روپے کامطالبہ کرنے پر شکایت درج کروائی ہے۔

مہندی کا کہناتھا کہ ان کی بیٹی کی شادی فقیر پورہ کے رہائشی قمر حیدر کے بیٹے سے طے ہوئی تھے۔

عروج مہندی نے پولیس کو بتایا کہ ’ ہمارے عزیز واقارب اور دوست احباب دولہے والوں کی آمد کا انتظار کررہے تھے، جب وہ نہیں آئے تو میں نے دولہے کے والد کو فون کیا تو انہوں نے کہا کہ ہم نے رشتہ توڑ دیا یے ، شادی نہیں ہوگی۔‘

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں