کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے 5 ہزار روپے کے کرنسی نوٹ بند کیے جانے سے متعلق تمام افواہوں کو مسترد کردیا ہے۔

مرکزی بینک کی جانب سے عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ ایسی کسی افواہ پر کان نہ دھریں جن کا مقصد عوام میں مبالغے اور تشویش کو جنم دینا ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے وفاقی حکومت سے 5 ہزار یا اس سے کم مالیت کے کسی کرنسی نوٹ کو بند کرنے سے متعلق کوئی سفارش نہیں کی ہے۔

مرکزی بینک کی جانب سے وضاحت کی گئی کہ 'ایس بی پی ایکٹ 1956' کے سیکشن 25 کے مطابق وفاقی حکومت، اسٹیٹ بینک کے بورڈ کی سفارشات کے بعد ہی کسی بھی مالیت کے بینک نوٹس کو ختم کرنے سے متعلق کوئی فیصلہ کر سکتی ہے۔

مزید پڑھیں: 5 ہزار روپے کے نوٹ بند ہونے کی افواہوں پر سونے کی قیمت میں اضافہ

اسٹیٹ بینک نے یقین دہانی کرائی کہ کسی بھی بینک نوٹ کو ختم کیے جانے سے قبل مرکزی بینک عوام کو پیشگی طور پر آگاہ کرے گا اور عوام کو کرنسی نوٹوں کے تبادلے کے لیے مناسب وقت فراہم کرے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اسٹیٹ ایسا کوئی بھی اعلان اپنی ویب سائٹ اور اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے بھی کرتا ہے۔


یہ خبر 11 ستمبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں