اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کی جانب سے وفاقی کابینہ میں شامل کیے گئے 6 وزرا اور وزرائے مملکت نے حلف اٹھا لیا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی کابینہ میں شامل ہونے والے 3 وفاقی وزرا اور 3 وزرائے مملکت سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔

ایوان صدر میں منعقد ہونے والی تقریب میں کابینہ کے اراکین کے ہمراہ دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔

وفاقی وزرا کے عہدے کا حلف اٹھانے والوں میں علی محمد مہر، عمر ایوب اور علی حیدر زیدی شامل ہیں جبکہ مراد سعید، محمد شبیر علی اور محمد حماد اظہر نے وزیر مملکت کے عہدوں کا حلف اٹھایا۔

مزید پڑھیں: وفاقی کابینہ میں 4 وزرا کا اضافہ، میاں سومرو، مراد سعید بھی شامل

حلف اٹھانے والے وزرا اور وزرائے مملکت کے قلمدانوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 20 اگست کو وزیر اعظم عمران خان کی 21 رکنی کابینہ میں شامل 16 وفاقی وزرا نے حلف اٹھایا تھا جبکہ 5 مشیروں کو بھی کابینہ کا حصہ بنایا گیا تھا۔

21 رکنی کابینہ کے بعد ایک اور رکن شہریار آفریدی کو شامل کیا گیا تھا، جنہیں وزیر مملکت برائے داخلہ کا قلمدان کیا گیا، اس کے بعد آج 6 مزید وزرا کو شامل کیا گیا، جس کے بعد وفاقی کابینہ کے کل اراکین کی تعداد 28 ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ڈان اخبار کی ایک رپورٹ میں گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اراکین کی حلف برداری کی تقریب ملتوی ہونے کی وجہ سامنے آئی تھی۔

حکومت میں موجود ذرائع نے ڈان کو بتایا تھا کہ پیر کی شام ہونے والی تقریب حلف برداری کو اس لیے موخر کیا گیا کیونکہ آخری لمحات میں سابق چیئرمین سینیٹ محمد میاں سومرو نے وزیر مملکت بننے سے انکار کردیا۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر جیکب آباد سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے والے محمد میاں سومرو نے وزیر مملکت برائے نجکاری بنانے کی پیشکش کو مسترد کیا، جس کے باعث وزرا کی تقریب حلف برداری موخر کی گئی۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت محمد میاں سومرو سے رابطے میں تھی اور انہیں منانے کی کوشش کر رہی تھی تاہم یہ واضح نہیں ہوا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان، محمد میاں سومرو کو وفاقی وزیر بنانے پر راضی ہوئے یا کابینہ سے باہر رکھنے کا فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی 16 رکنی کابینہ نے حلف اٹھالیا

خیال رہے کہ وزیر اعظم ہاؤس کے سرکاری اعلان میں بتایا گیا تھا کہ 4 نئے اراکین محمد میاں سومرو، کراچی سے منتخب ایم این اے سید علی حیدر زیدی، سوات سے رکن قومی اسمبلی مراد سعید اور ہری پور سے ایم این اے عمر ایوب خان کو وفاقی کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔

رکن اسمبلی عمر ایوب خان کو وزارت توانائی اور سید علی حیدر زیدی کو وزارت سمندری امور دیا جائے گا جبکہ مراد سعید کی وزارت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں