رواں سال عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہوئی پاکستانی کی کامیاب فلم ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ میں پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت کے بھی دو اداکاروں کو شامل کیا گیا، جن میں ایک ٹی وی اداکار کرن ولجیت سنگھ بھی ہیں۔

ان کو فلم میں کاسٹ کرنے کا مقصد پاکستانی فلم ساز کی جانب سے بھارت کو امن اور پیار کا پیغام دینا تھا۔

مزید پڑھیں: ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘: کمزور کہانی مگر جاندار اداکاری

ممبئی مرر کو دیے ایک انٹرویو میں بھارتی اداکار کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ’فلم کے لکھاری واسع چودہری نے بھارت میں ٹی وی شوز بنانے والے ہدایت کار روی رائے سے ملاقات کی اور بتایا کہ انہیں ایک ایسے بھارتی اداکار کی تلاش ہے جو ہیروئن کے والد نواب صاحب کا کردار ادا کرسکیں، یہ کردار کافی دلچسپ تھا، کیوں کہ یہ پاکستانیوں سے نفرت کرتا تھا لیکن بعد میں اس کے خیالات تبدیل ہوجاتے ہیں‘۔

اس فلم میں کرن ولجیت سنگھ نے اداکارہ کبریٰ خان کے والد کا کردار ادا کیا تھا، فلم میں موجود ان کیے سینز کی شوٹنگ دبئی میں کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: عوام خود ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ دیکھنے سینما آرہے ہیں،ہمایوں

فلم میں کام کے اپنے تجربے پر اداکار نے کہا کہ ’فلم کی ٹیم نے میرے ساتھ بہترین سلوک رکھا، دونوں ممالک کا اس طرح ساتھ مل کر کام کرنا ضروری ہے، ہمیں ایسی بےمطلب لڑائیاں ختم کردینی چاہیے، ثقافتی تبادلہ ضروری ہے‘۔

خیال رہے کہ فلم کے پروڈیوسر اور مرکزی اداکار ہمایوں سعید نے اس کردار کے لیے رشی کپور سے بھی رابطہ کیا تھا، تاہم انہوں نے فلم میں کام سے انکار کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں