بھارت: بس حادثے میں 43 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 11 ستمبر 2018
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی

نئی دہلی: جنوبی بھارت میں مندر سے زائرین کو لے کر جانے والی بس کے کھائی میں گرنے سے 43 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق ریاست تلنگانا انتظامی امور کے سینئر عہدیدار بی راجیشام نے بتایا کہ 'ہم حادثے کا شکار ہونے والی بس سے لاشیں نکالنے کا کام کر رہے ہیں، جنہیں پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔'

تلنگانہ کے ضلع جَگتیال میں پیش آنے والے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا کہ بس ہندوؤں کے معروف مندر کونڈاگٹو انجانِیا سوامے سے زائرین کو لے کر لوٹ رہی تھی جس دوران حادثہ پیش آیا۔

ٹیلی ویژن کی فوٹیج میں مقامی افراد کو تباہ حال بس سے زخمیوں کو نکالتے دیکھا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: بس کھائی میں گرنے سے 27 افراد ہلاک

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ بس کی رفتار زیادہ تھی جس کے باعث ڈرائیور اس پر قابو نہ رکھ سکا اور بس کھائی میں جاگری۔

واضح رہے کہ بھارت میں خستہ حال سڑکوں، ٹوٹی پھوٹی گاڑیوں اور ڈرائیونگ دوران غفلت کی وجہ سے ہر سال ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔

28 جولائی کو مغربی بھارت میں یونیورسٹی ورکرز کو لے جانے والی بس کے کھائی میں گرنے سے 33 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں