ٹرمینیٹر،دی نن، بیٹ مین اور ڈیڈپول سے بھی مہنگی بھارتی فلم

بولی وڈ کھلاڑی اکشے کمار کی آنے والی سائنس فکشن ایکشن فلم پوائنٹ ٹو زیرو گزشتہ 2 سال سے خبروں میں ہے اور شائقین کو اس فلم کا بے صبری سے انتظار ہے۔

اس فلم کے ذریعے اکشے کمار پہلی بار بھارتی اداکار رجنی کانت کے ساتھ ایکشن میں نظر آئیں گے۔

اس فلم میں اکشے کمار ایک طاقتور ولن کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، جو کئی صلاحیتوں کے مالک ہیرو کو بھی تھکا دینے کی اہلیت رکھتا ہے۔

یہ فلم بھارت کی 2010 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘اینتھریان‘ یعنی ‘روبوٹ‘ کا سیکوئل ہے، جس میں رجنی کانت ہی ڈبل کرداروں میں نظر آئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کی مہنگی ترین فلم 2 پوائنٹ 0 کی آڈیو لاؤنچنگ

اس فلم کے حوالے سے رپورٹس تھیں کہ اس کا بجٹ 400 کروڑ روپے سے زائد ہے، تاہم اب اطلاعات ہیں کہ اس کا بجٹ 5 سو 40 کروڑسے بھی زائد ہے۔

اگرچہ اس فلم کا تاحال کوئی ٹریلر بھی ریلیز نہیں کیا گیا، تاہم فلم کی مقبولیت کا اندازہ اس سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ اس کی سامنے آنے والی تصاویر نے بھی انٹرنیٹ پر دھوم مچادی۔

اب اطلاعات ہیں کہ فلم کا پہلا ٹریلر 13 ستمبر کو ریلیز کیا جائے گا، جب کہ اسے رواں برس 29 نومبر کو ریلیز کیے جانے کا بھی امکان ہے۔

اکشے کمار نے گزشتہ روز انٹرنیشنل شوبز نشریاتی ادارے ‘ورائٹی’ کی ایک تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی، جس میں بتایا گیا تھا کہ پوائنٹ 2 زیرو بھارت کا پہلا اربوں روپے کے وی ایف ایکس ٹیکنالوجی پر مبنی فلم پروجیکٹ ہے۔

مزید پڑھیں: پوائنٹ ٹو زیرو میں ولن اکشے کے ساتھ حسینہ ایشوریا بھی ہوں گی

بھارتی نشریاتی ادارے ‘ٹائمز ناؤ‘ نے اپنی رپورٹ میں ورائٹی کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پوائنٹ 2 زیرو کا بجٹ 7 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس کا مطلب یہ ہوا کہ اس فلم کا بجٹ بھارتی 540 کروڑ روپے جب کہ پاکستانی 750 کروڑ روپے سے زائد ہے۔

خیال رہے کہ اس فلم کی ہدایات تامل فلموں کے معروف ڈائریکٹر شنکر نے دی ہیں۔

اکشے کمار اور رجنی کانت کی اس فلم کا بجٹ اتنا زیادہ ہے کہ اس بجٹ میں درجنوں بولی وڈ فلمیں بنائی جا سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فلم 'ٹو پوائنٹ زیرو' میں اکشے کا ناقابل شناخت روپ

علاوہ ازیں اس فلم کا بجٹ معروف ہولی وڈ فلموں سے بھی کہیں زیادہ ہے۔

پوائنٹ ٹو زیرو سے کم بجٹ پر بننے والی چند ہولی وڈ فلمیں:

دی نن 2018

(بجٹ 2 کروڑ 20 لاکھ ڈالر)

اٹ 2017

(بجٹ 3 کروڑ 50 لاکھ ڈالر )

ڈیڈ پول 2016

(بجٹ 6 کروڑ 90 لاکھ ڈالر)

بیٹ مین 1989

(بجٹ 3 کروڑ 50 لاکھ ڈالر)

دی ٹرمینیٹر 1984

(بجٹ 64 لاکھ ڈالر)