پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے آن لائن بکنگ نظام کو اپ گریڈ کرنے کے لیے ترکی سے تعلق رکھنے والی آئی ٹی کمپنی، ہٹ اٹ کمپیوٹر سروسز سے معاہدہ کرلیا۔

پی آئی اے کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نیا آئی ٹی سسٹم ایئر لائن کی ویب سائٹ کی کارکردگی اور آن لائن بکنگ کو آسان اور بہتر بنائے گا۔

قومی ایئرلائن کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد ثاقب عزیز کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کا نیا آئی ٹی شراکت دار ہمارے صارفین کے لیے مزید جدت اور آسانیاں لائے گا۔

محمد ثاقب عزیز نے مزید کہا کہ قومی ایئر لائن موجودہ سروس سے نئی سروس پر منتقلی کو آسان بنانے کے لیے ہرممکن کوشش کررہی ہے۔

مزید پڑھیں : پی آئی اے پرواز میں اب آن لائن چیک اِن ممکن

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی ٹیمیں ایئرلائن کے تمام حصوں میں آئی ٹی سسٹم کی بروقت اور آسان منتقلی کے لیے 24 گھنٹے کام کررہی ہیں۔

ایئر لائن کے ریزرویشن، انوینٹری کنٹرول، چیک ان، فلائٹ آپریشن ،شیڈول، ریونیو مینجمنٹ، اکاؤنٹنگ اور کریو مینجمنٹ اب ایچ ٹی آئی ٹی کا سسٹم استعمال کریں گے۔

پی آئی اے کے جاری بیان کے مطابق آئی ٹی سسٹم کی یہ منتقلی نہ صرف مؤثر ہے بلکہ پی آئی اے کی کارکردگی میں مزید اضافے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : پی آئی اے کے قائم مقام سی ای او برطرف

قومی ایئرلائن نے سسٹم منتقلی کے دوران صارفین کو زحمت پیش آنے کی صورت میں صبر اور تعاون کرنے کی درخواست کردی۔

خیال رہے کہ قومی ایئر لائن اپنے صارفین کے لیے آن لائن سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے، پی آئی اے نے گزشتہ برس اپنے مسافروں کے لیے ایئرپورٹ پہنچنے سے پہلے ہی آن لائن چیک اِن کی سہولت متعارف کروائی تھی جسے فضائی کمپنی کی ایپلیکشن یا ویب سائٹ کے ذریعے ممکن بنایا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں