'محکمہ پولیس کا مقصد عوامی خدمت، جرائم کے خلاف ڈٹ جانا ہے'

اپ ڈیٹ 12 ستمبر 2018
آئی جی سندھ پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام نے عہدے کا چارج سنبھال لیا — فوٹو: بشکریہ سندھ پولیس ویب سائٹ
آئی جی سندھ پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام نے عہدے کا چارج سنبھال لیا — فوٹو: بشکریہ سندھ پولیس ویب سائٹ

انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا ہے کہ امن کی بحالی جیسے اقدامات میں شہیدوں کی قربانیاں اور غازیوں کے کارہائے نمایاں سندھ پولیس کا طرہ امتیاز ہیں۔

سندھ پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ڈاکٹر سید کلیم امام نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس کے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد مرکزی پولیس آفس میں تعینات سینئر افسران، سی پی اوسیکیورٹی افسران جوانوں سمیت دیگر شعبوں سے منسلک اسٹاف سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس کا مقصد عوامی خدمت اور جرائم کے خلاف ڈٹ جانا ہے۔

آئی جی سندھ پولیس کا کہنا تھا کہ مجھ سمیت آپ تمام پر اللہ پاک کا خاص فضل ہے کہ اس نے ہمیں وہ ذمہ داریاں تفویض کی ہیں جسے بطور احسن طریق انجام دینے میں نا صرف ہمیں دنیا بلکہ آخرت میں بھی نوازا جائے گا۔

مزید پڑھیں: وفاق نے سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے آئی جی پولیس تبدیل کردیے

ان کا کہنا تھا کہ محکمہ پولیس ایک ٹیم ورک کا نام ہے اور کوئی بھی انفرادی حیثیت میں ہدف حاصل نہیں کرسکتا جبکہ ایک ٹیم کی حیثیت میں اٹھائے جانے والے راست اقدامات میں کامیابی 100 فیصد یقینی ہوجاتی ہے۔

آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ میرے لیے پولیس کا ہر رکن، چاہے وہ ادنیٰ ہو یا اعلیٰ، ایک ٹیم کے ممبر کی حیثیت رکھتا ہے، آپ عوام کی خدمت کو ایک فریضہ سمجھ کر انجام دیں اور آپ کے تمام جائز مسائل کا حل میری ترجیحات کا حصہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کے پاس روزانہ عوام شکایات اور مسائل کے حل کے لیے رجوع کرتے ہیں، ہمارا کام ان کے مسائل اور مشکلات کو غیرجانبدار رہتے ہوئے بروقت حل کرنا اور پولیس کی کارکردگی کے ساتھ ساتھ اپنے طرز عمل اور برتاؤ سے ایک اچھے تاثر کو اجاگر کرنا ہے کیونکہ جب رب تعالیٰ نے تمام انسانوں کو مساوی حقوق دیئے ہیں تو ہمیں بھی بحیثیت انسان اپنے عہدے اور اختیار کو عین اللہ تعالیٰ کے احکامات اور اس کے بتائے گئے اصولوں کے عین مطابق انجام دینا ہوگا۔

آئی جی ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا کہ میرے دفتر کے دروازے آپ سب کے لیے کھلے ہیں، آپ آگے آئیں اور پولیسنگ کے عمل کو مزید بہتری کی جانب گامزن کرنے کے لیے میرے بازو بنیں۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ پولیس کے نئے آئی جی کے لیے وفاق کو 3 نام بھجوا دیئے گئے

ان کا کہنا تھا کہ آپ کی مشاورت اور تجاویز کے ساتھ ساتھ میں آپ لوگوں کے مسائل بھی ضرور سنوں گا اور میری کوشش ہوگی کہ انہیں جلد سے جلد اور بروقت حل بھی کروں۔

آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ میرے جملہ امور میں میرٹ اور اہلیت کو ترجیح حاصل ہوگی، آپ عوام سے احسن سلوک اور برتاؤ جیسے امور کو ہرسطح پر یقینی بنائیں اور پولیس کا مورال بلند کرنے جیسے اقدامات کو اپنے فرائض منصبی میں خصوصی اہمیت دیں۔

تبصرے (0) بند ہیں