بنگلہ دیش میں جاری جنوبی ایشیا فٹ بال فیڈریشن (ایس اے ایف ایف یا ساف) کی جاری چیمپیئن شپ کے سیمی فائنل میں پاکستان کی قومی فٹ بال ٹیم کو دفاعی چیمپیئن بھارت سے 1-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

بنگلہ دیش کے بنگاباندھو نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے ساف ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں بھارت نے پاکستان کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔

بھارت اور پاکستان کے درمیان ہونے سیمی فائنل میچ کے پہلے ہاف کے اختتام تک دونوں ٹیموں کی جانب سے کوئی گول نہیں کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: بھوٹان کو شکست، پاکستان 13 سال بعد ساف کپ کا سیمی فائنل کھیلے گا

تاہم میچ کے دوسرے حصے کے آغاز میں ہی بھارت کے منویر سنگھ نے 2 گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلوائی۔

بعد ازاں بھارت کے ہی کھلاڑی پاسی نے 84ویں منٹ میں پاکستان کے خلاف ایک اور گول داغا جس سے پاکستان کی کامیابی کے امکانات انتہائی محدود ہوگئے۔

میچ کے دوران 87ویں منٹ میں پاکستان کے حسن بشیر نے واحد گول کیا تاہم ان کا گول پاکستان کو فتح دلانے میں کسی کام نہ آسکا اور بھارت نے میچ جیت لیا۔

اس سے قبل ٹورنامنٹ کے گروپ اے کے میچ میں پاکستان نے بھوٹان کو 0-3 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

واضح رہے کہ ساف فٹبال ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے 13 سال قبل 2005 میں جگہ بنائی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں