چین دبئی جیسا نیا شہر کس ملک میں تعمیر کررہا ہے؟

12 ستمبر 2018
کولمبو میں تعمیر ہونے کے بعد شہر کچھ ایسا ہوگا — فوٹو بشکریہ چائنا ہاربر انجنیئرنگ کمپنی
کولمبو میں تعمیر ہونے کے بعد شہر کچھ ایسا ہوگا — فوٹو بشکریہ چائنا ہاربر انجنیئرنگ کمپنی

چین دبئی، سنگاپور اور ہانگ کانگ جیسے شہروں کے مقابلے میں ایک نیا شہر تعمیر کررہا ہے، مگر وہ یہ اپنے ملک میں نہیں بلکہ کسی اور ملک میں کررہا ہے۔

جی ہاں چین کے ون بیلٹ، ون روڈ منصوبے کے تحت متعدد ممالک میں شاہرائیں، بندرگاہیں اور پلوں کی تعمیر ہورہی ہے مگر سری لنکا میں ایک پورا شہر تعمیر کیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں : چین میں دنیا کے سب سے بڑے شہر کی تعمیر

چائنا ہاربر انجنیئرنگ کمپنی (سی ایچ ای سی) اس شہر کی تعمیر میں مصروف ہے جو کہ 15 ارب ڈالرز کی لاگت سے 2041 تک مکمل ہوگا۔

سری لنکا میں خانہ جنگی کے اختتام کے بعد سے اس ملک میں دارالحکومت کولمبو میں ملازمتوں اور اقتصادی مواقعوں کے لیے منصوبے پر کام ہورہا ہے اور اسی مقصد کے لیے یہ نیا شہر تعمیر کیا جائے گا۔

کولمبو کے ساحلی علاقے میں اس شہر کی تعمیر سے سری لنکن دارالحکومت کا حجم دوگنا بڑھ جائے گا، جہاں اس وقت ساڑھے 7 لاکھ سے زائد افراد مقیم ہیں۔

فوٹو بشکریہ چائنا ہاربر انجنیئرنگ کمپنی
فوٹو بشکریہ چائنا ہاربر انجنیئرنگ کمپنی

اس منصوبے جسے پورٹ سٹی کا نام دیا گیا ہے، کا تصور 2004 میں سامنے آیا تھا مگر اس پر عملدرآمد ایک دہائی بعد چینی سرمایہ کاری سے ہوا، جس کے تحت انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جارہا ہے۔

دونوں ممالک کی شراکت داری اس وقت خطرے میں پڑگئی تھی جب سری لنکا کے لیے چین سے لیا جانے والے قرضے کی ادائیگی مشکل ہوگئی۔

2014 میں سری لنکن وزیراعظم نے پورٹ سٹی منصوبے پر ساحلی علاقے کو نقصان پہنچنے کے خدشات کے پیش نظر کام روک دیا تھا تاہم 2016 میں اس پر ماحولیاتی تحفظ کو مدنظر رکھ کر دوبارہ کام شروع کیا گیا۔

اس منصوبے کے تحت کولمبو کے ساحلی علاقے سے 65 ملین ریت کو جمع کیا جارہا ہے اور سی ایچ ای سی کے مطابق جون 2019 تک ریت سے بننے والے ٹریک کا 90 فیصد سے زائد حصہ مکمل کرلیا جائے گا۔

فوٹو بشکریہ چائنا ہاربر انجنیئرنگ کمپنی
فوٹو بشکریہ چائنا ہاربر انجنیئرنگ کمپنی

منصوبے میں دبئی کی طرح کا مالیاتی ضلع تعمیر کیا جائے گا جہاں دفتری، شاپنگ پلازوں کے ساتھ ایک کلچرل پارک بھی ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : ون بیلٹ ون روڈ : 21ویں صدی کا سب سے بڑا منصوبہ؟

شہر کی تعمیر میں لوگوں کے لیے ہوا کی فراہمی کا خاص خیال رکھا جائے گا اور یہ خاص طور پر رہائشی اور کمرشل مقاصد کے لیے ہوگا، جبکہ صنعتی سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہوگی۔

فوٹو بشکریہ چائنا ہاربر انجنیئرنگ کمپنی
فوٹو بشکریہ چائنا ہاربر انجنیئرنگ کمپنی

اس شہر میں 80 ہزار کے قریب افراد قیام کرسکیں گے جبکہ ڈھائی لاکھ روزانہ کولمبو سے آئیں گے۔

یہاں پر ممکنہ طور پر حکام کا اپنا قانونی نظام ہوگا، جس پر فی الحال سری لنکن حکومت سوچ بچار کررہی ہے کیونکہ اس کے لیے پارلیمنٹ اور وزراءکونسل کی منظوری درکار ہوگی۔

فوٹو بشکریہ چائنا ہاربر انجنیئرنگ کمپنی
فوٹو بشکریہ چائنا ہاربر انجنیئرنگ کمپنی

تبصرے (0) بند ہیں