شمالی وزیرستان کی تحصیل بویا گاؤں بادامی کلہ میں گشت کرنے والے سیکورٹی اہلکاروں پر حملے کے نتیجے میں 5 اہلکار زخمی ہوگئے۔

ڈان نیوز کو سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج کے اہلکاروں پر نامعلوم افراد نے اس وقت حملہ کیا جب وہ علاقے میں گشت کررہے تھے، زخمیوں میں سے ایک اہلکار کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے 5 اہلکاروں میں نائیک رحمن ظفر، سپاہی سید جبار شاہ، سپاہی خرم، سپاہی علی رضا اور سپاہی محمد علی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کرم ایجنسی: افغانستان سے دہشت گردوں کا حملہ، ایف سی اہلکار شہید

واقعہ کی اطلاع ملنے پر سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو فوری طور پر میران شاہ ہسپتال منتقل کیا۔

بعدازاں علاقے میں مشتبہ دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے سرچ آپریشن شروع کردیا۔

خیال رہے کہ پاک فوج کی جانب سے گزشتہ برس ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ردالفساد کا آغاز کیا گیا تھا اور اس آپریشن کا مقصد ملک کو اسلحے سے پاک کرنا اور دہشت گردی کا بلاامتیاز خاتمہ اور سرحدی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔

مزید پڑھیں: افغان حدود سے پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملے کی کوشش، 5 دہشتگرد ہلاک

آپریشن میں شمالی وزیرستان سمیت قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کو شدید نقصان پہنچایا گیا تاہم بچے کھچے شر پسند عناصر کی جانب سے اب بھی حملے جاری ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں