خیبر پختونخوا کے علاقے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں اہم کمانڈر سمیت 4 دہشت گرد ہلاک جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 3 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی، جس پر سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے کمانڈر آفتاب پراکے سمیت 4 شدت پسندوں کو ہلاک کردیا۔

مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسزپر دہشتگردوں کی فائرنگ، 5 اہلکار زخمی

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گرد بھاری اسلحے سے لیس تھے جس کی وجہ سے سیکیورٹی فورسز کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا اور فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 3 سپاہی شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے مطابق شہادت کے مرتبے پر فائز ہونے والے جوانوں میں نائب صوبیدار نذیر احمد چانڈیو، سپاہی فخر اور عامر شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں نے گزشتہ روز شمالی وزیرستان کی تحصیل بویا کے گاؤں بادامی کلہ میں گشت پر مامور سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 5 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائی، 4 دہشتگرد ہلاک، فوجی جوان شہید

اس کے علاوہ مذکورہ دہشت گرد 2017 میں فورسز سے ہونے والی جھڑپ میں بھی ملوث تھے جس کے نتیجے میں لیفٹننٹ معین شہید ہو گئے تھے۔

خیال رہے کہ پاک فوج کی جانب سے گزشتہ برس ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ردالفساد کا آغاز کیا گیا تھا اور اس آپریشن کا مقصد ملک کو اسلحے سے پاک کرنا اور دہشت گردی کا خاتمہ اور سرحدی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں