اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے درمیان ڈرامائی صورتحال کے بعد ٹیلی فون پر تبادلہ خیال کے چند روز بعد ہی دونوں رہنماؤں کے درمیان ایک بار پھر ٹیلی فونک گفتگو ہوئی۔

ٹیلی فونک گفتگو میں فرانسیسی صدر نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق ایمانوئل میکرون نے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے پر عمران خان کو مبارکباد پیش کی اور دونوں ممالک کے درمیان سیاسی مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا۔

مزید پڑھیں: ڈرامائی صورتحال کے بعد وزیراعظم عمران خان کی فرانسیسی صدر سے گفتگو

فرانسیسی صدر نے توانائی، آبی وسائل کے معاملات میں تعاون اور عالمی سطح پر دوطرفہ دلچسپی کے امور پر مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری قیمت ادا کی جس کا وہ اعتراف کرتے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان فرانس کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے اور اسے طویل مدتی شراکت میں بدلنے کی خواہش کا اظہار کیا۔


یہ خبر 14 ستمبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (1) بند ہیں

Aqsa Javaid Sep 15, 2018 12:20pm
Good