اپنی گلابی انگریزی، بیانات اور اسکینڈلز کی وجہ سے خبروں میں اِن رہنے والی فلم اسٹار میرا ٹوئٹر پر بھی خاصی فعال ہیں۔

وہ کبھی سیاست کے حوالے سے پرجوش بیانات جاری کرتی نظر آتی ہیں تو کبھی دوسری اداکاراؤں پر تنقید کرتی ہیں، تاہم اس بات ان کی ایک ٹویٹ نے مداحوں کو حیران کردیا۔

میرا کی یہ ٹویٹ کسی اور کے بارے میں نہیں بلکہ بولی وڈ کے کنگ اور دنیا بھر میں شہرت حاصل کرنے والے اداکار شاہ رخ خان کے حوالے سے ہے۔

مزید پڑھیں: میرا نے اڑایا مداحوں کی انگریزی کا مذاق

شاہ رخ خان کے ساتھ ہر اداکارہ کام کرنے کی خواہشمند ہے، تاہم میرا کا دعویٰ ہے کہ وہ جب چاہیں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرسکتی ہیں اور اس کا فیصلہ بھی وہ خود ہی کریں گی۔

اپنی ٹویٹ میں ماضی کا ایک قصہ بتاتے ہوئے میرا نے لکھا کہ ’ایک مرتبہ لاس اینجلس میں ایل اے ٹائمز کے رپورٹر نے مجھ سے سوال کیا کہ اگر آپ ایک سپر اسٹار ہیں تو شاہ رخ خان کب آپ کے ساتھ کام کریں گے؟ جس پر میں نے کہا کہ خود ہی فیصلہ کروں گی کہ مجھے شاہ رخ خان کے ساتھ کب کام کرنا ہے‘۔

اس ٹویٹ کے بعد کچھ صارفین نے میرا کا مذاق اڑایا، جبکہ کچھ نے ان کی انگریزی کی تعریف بھی کی۔

جبکہ متعدد افراد نے میرا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس ٹویٹ کو پبلسٹی اسٹنٹ قرار دیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی ڈیبیو بولی وڈ فلم ’رئیس‘ ریلیز ہوئی تھی، اس فلم میں شاہ رخ خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ میرا جی متعدد بار اداکارہ ماہرہ خان اور ان کی اداکاری کا مذاق اڑا چکی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں