واشنگٹن: امریکا میں پیدا ہونے والے غیر ملکی افراد کی تعداد میں گزشتہ 100 سال کے دوران سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکا میں رہائش پذیر غیرملکی افراد کی تعداد سال 2017 میں 4 کروڑ 45 لاکھ تک جاپہنچی جو ایک برس میں 1.8 فیصد اضافہ ہے۔

امریکی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ قانونی امیگریشن کو محدود کرنا چاہتے ہیں اور 2017 میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ملک میں غیر قانونی تارکین وطن کی گرفتاری اور ڈی پورٹ کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

مائیگریشن پالیسی انسٹیٹیوٹ کے ماہر شماریات رینڈی کیپس کا کہنا تھا کہ حکومت نے قانونی امیگریشن کو زیادہ محدود نہیں کیا اور امریکا میں بے پناہ ملازمتیں گزشتہ برس غیر ملکیوں کی تعداد میں اضافے کا باعث بنیں۔

مزید پڑھیں : امریکا: بارڈر پولیس نے والدین کو 2 ہزار بچوں سے محروم کردیا

ادارہ شماریات کے اندازے کے مطابق سال 2017 میں امریکا کی آبادی کا 13.7 فیصد حصہ غیر ملکی افراد پر مشتمل تھا جبکہ 2016 میں یہ شرح 13.5 فیصد تھی۔

امریکا کی آبادی میں مذکورہ اضافہ 1910 کے بعد ہوا ہے، جب آبادی کا 14.7 فیصد حصہ غیر ملکیوں پر مشتمل تھا۔

اعدا دو شمار کے مطابق گزشتہ دہائی میں امریکا میں ایشیائی اور اعلیٰ تعلیم کے لیے آنے والے تارکین وطن کی تعداد میں اضافہ ہواجبکہ اس دوران میکسکو سے امیگریشن سست روی کا شکار ہوئی۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 14 ستمبر 2018 کو شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں