وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم ریلوے ٹریکس پر زیادہ سے زیادہ پیسہ لگائیں گے اور چین سے جدید ریلوے ٹیکنالوجی کا حصول ممکن بنائیں گے۔

میانوالی ریل کار کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 'سرکار دو عالم ﷺنے عام آدمی کی فلاح کے لیے نظام قائم کیا لیکن پاکستان میں ساری تعمیر و ترقی اشرافیہ کے لیے ہوئی اور حکمرانوں نے صرف اپنا اور اپنے خاندان کا سوچا۔'

انہوں نے کہا کہ 'پاکستان میں غریب امیر کو سبسڈی دیتا ہے اور عام آدمی سرکاری ہسپتالوں میں علاج کرواتا ہے، لیکن ہماری حکومت عام آدمی کی بہتری کے لیے کام کرے گی اور عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کریں گے۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'شیخ رشید نے ریلوے میں کم عرصے میں اچھی کارکردگی دکھائی، 65 سال سے زائد کے عمر کے افراد کے لیے کرایہ آدھا جبکہ 75 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے مفت سفر کی سہولت فراہم کردی گئی۔'

مزید پڑھیں: ریلوے سالانہ 10 کروڑ روپے ڈیم فنڈ میں دے گا، شیخ رشید

عمران خان کا کہنا تھا کہ 'اسلام آباد میں قبضہ گروپ سے 100 ارب روپے کی زمین واگزار کروائی، آئندہ بھی وہ اشرافیہ جس نے ریلوے کی زمین پر قبضہ کر رکھا ہے ان پر ہاتھ ڈالیں گے، جبکہ کچی آبادیوں میں رہنے والوں کو ان کی جگہ سے نہیں ہٹائیں گے۔'

انہوں نے کہا کہ 'برطانوی حکام 11 ہزار کلو میٹر ریلوے ٹریک چھوڑ کر گئے، گزشتہ 70 سال میں پاکستان کے اندر صرف 600 کلو میٹر کا ٹریک بنایا گیا، تاہم ہم ریلوے ٹریکس پر زیادہ سے زیادہ پیسہ لگائیں گے۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'چین کے ساتھ ہمارے بہترین تعلقات ہیں، سب سے تیز ٹرینیں چین میں چلتی ہیں، چین سے جدید ریلوے ٹیکنالوجی کا حصول ممکن بنائیں گے، چین کی قیادت نے دورے کی دعوت دی ہے، نومبر میں شیخ رشید کے ساتھ چین کا دورہ کروں گا۔'

یہ بھی پڑھیں: ریلوے کے کانٹریکٹ افسران کو فارغ کرنے کا فیصلہ

'سندھ کے عوام کو دو نئی ٹرینوں کا تحفہ'

قبل ازیں وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'ایک سال کے اندر ریلوے کا خسارہ کم کریں گے، پہلے 100 دنوں میں سندھ کے عوام کو دو نئی ٹرینوں کا تحفہ دیں گے، جبکہ فریٹ ٹرین اور برانچ لائنوں میں اضافہ کریں گے۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'ریلوے کے کرایوں میں ڈیم فنڈ کے لیے ایک سے 10 روپے اضافہ کیا ہے، گوادر کو ریلوے ڈویژن بنادیا ہے جبکہ ٹرینوں میں فری وائی فائی اور جدید مانیٹرنگ سسٹم لارہے ہیں۔'

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں