حکومت سندھ نے 9 اور 10 محرم الحرام کو صوبے میں عام تعطیل کا اعلان کردیا۔

سندھ حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 9 اور 10 محرم الحرام 1440 ہجری کو عاشورہ کے موقع پر سندھ بھر میں عام تعطیل ہوگی۔

چیف سیکریٹری سندھ میجر (ر) اعظم سلیمان خان کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ عاشورہ کے موقع پر 20 اور 21 ستمبر 2018 کو تمام دفاتر، سرکاری ادارے، کارپوریشنز اور مقامی کونسلز سمیت حکومت سندھ کے ماتحت تمام اداروں میں چھٹی ہوگی۔

صوبے میں سرکاری دفاتر اور دیگر اداروں میں چھٹیاں ہوں گی تاہم ایمرجنسی سروسز کی چھٹیاں نہیں ہوں گی۔

مزید پڑھیں:سندھ: 3 سو علماء و ذاکرین کے صوبے میں داخلے پر پابندی

واضح رہے کہ حکومت سندھ نے عاشورہ کے پیش نظر ملک بھر سے 3 سو علما و ذاکرین کے صوبے میں داخلے پر پابندی عائد کررکھی ہے اسی طرح محرم کے دوران شہر میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی جا چکی ہے۔

محکمہ داخلہ سندھ کے اعلامیے کے مطابق صوبے بھر میں امن عامہ کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے یکم تا 10 محرم کرمنل پروسیجر کوڈ کے تحت دفعہ 144 بھی نافذ رہے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں