اعلیٰ سطح کے اجلاس میں قومی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال

15 ستمبر 2018
وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا — فوٹو: بشکریہ ثناءاللہ
وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا — فوٹو: بشکریہ ثناءاللہ

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اسلام آباد میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں قومی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹننٹ جنرل نوید مختار، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں بعض دوست ممالک سے دوستانہ تعلقات اور قومی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے اجلاس میں زیر غور آنے والے دیگر امور کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

خیال رہے کہ 2 روز قبل وزیر اعظم عمران خان نے آئی ایس آئی کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے آرمی چیف سمیت اور ڈی جی آئی ایس آئی سے ملاقات کی تھی۔

عمران خان کے دورے کے دوران ان کو خفیہ ایجنسی کی جانب سے اسٹریٹجک انٹیلی جنس اور قومی سلامتی کے امور پر بریفنگ دی گئی تھی۔

اس سے قبل 3 ستمبر کو آرمی چیف عمران خان سے ملاقات کے لیے وزیر اعظم ہاؤس پہنچے تھے جہاں دونوں رہنماؤں نے سیکیورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

30 اگست کو عمران خان نے جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) کا بھی دورہ بھی کیا تھا۔

27 اگست کو وزیرِاعظم عمران خان کے انتخابات میں جیت کے بعد جنرل قمر جاوید باجوہ نے پہلی باضابطہ ملاقات کی تھی اور انہیں وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں