بولی وڈ فلم ‘من مرضیاں’ پاکستان میں ریلیز نہیں ہوگی

15 ستمبر 2018
فلم کو 14 ستمبر کو دنیا بھر میں ریلیز کردیا گیا—اسکرین شاٹ
فلم کو 14 ستمبر کو دنیا بھر میں ریلیز کردیا گیا—اسکرین شاٹ

بولی وڈ کی رومانٹک کامیڈین فلم ‘من مرضیاں’ کو پاکستان میں نمائش کی اجازت نہیں دی جاسکی۔

ابھیشیک بچن، تپسی پنو اور وکی کوشل کی فلم سے قبل اداکارہ انوشکا شرما کی ہارر فلم ‘پری’ اور سونم کپور، بھومی پڈنیکر،کرینہ کپور اور کیارا آڈوانی کی فلم ‘ویرے دی ویڈنگ’ کو بھی پاکستان میں نمائش کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

عالیہ بھٹ کی فلم ‘راضی’ پر بھی پاکستان میں نمائش پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

پاکستان کے فلم سینسر بورڈ ‘سینٹرل بورڈ فلم سرٹیفکیشن’ (سی بی ایف سی) کے چیئرمین دانیال گیلانی نے تصدیق کی کہ ‘من مرضیاں’ کو پاکستان میں نمائش کی اجازت نہیں دی جاسکی۔

ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے دانیال گیلانی نے فلم کو نمائش کی اجازت نہ دیے جانے کا سبب بتائے بغیر تصدیق کی کہ ‘من مرضیاں’ پاکستان میں ریلیز نہیں ہوگی۔

دانیال گیلانی کا کہنا تھا سینسر بورڈ ارکان کے خیال میں فلم کا مواد سینسر شپ کوڈ کی خلاف ورزی پر مبنی ہے، جس وجہ سے اسے ریلیز کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

فلم میں وکی کوشل بھی اہم کردار میں نظر آئیں ہیں—اسکرین شاٹ
فلم میں وکی کوشل بھی اہم کردار میں نظر آئیں ہیں—اسکرین شاٹ

ڈائریکٹر انوراگ کشیپ کی اس فلم کو آنند ایل رائے اور انوراگ کشیپ نے ہی پروڈیوس کیا ہے۔

فلم کی کہانی بھارتی پنجاب میں رہنے والی رومی نامی لڑکی اور اس کی محبت کے گرد گھومتی ہے۔

فلم میں تپسی پنو نے رومی نامی لڑکی کا کردار ادا کیا ہے، جو فلم میں پہلے وکی نامی لڑکے سے محبت کرتی ہے، تاہم وہ رومی کے والدین سے ان کا رشتہ مانگنے میں ناکام ہوجاتا ہے، جس کے بعد رومی کی شادی روبی نامی لڑکے سے طے کی جاتی ہے۔

فلم میں وکی کا کردار وکی کوشل جب کہ روبی کا کردار ابھیشیک بچن نے نبھایا ہے، فلم میں ٹرائی اینگل پیار کی کہانی دکھائی گئی ہے۔

فلم کا ٹریلر رواں برس 8 اگست کو ریلیز کیا گیا تھا، فلم کو 14 ستمبر کو بھارت سمیت دنیا بھر میں ریلیز کردیا گیا۔

فلم میں تپسی پنو دو ہیروز سے محبت کرتی نظر آتی ہیں—اسکرین شاٹ
فلم میں تپسی پنو دو ہیروز سے محبت کرتی نظر آتی ہیں—اسکرین شاٹ

تبصرے (0) بند ہیں