مایونیز کو تو ہوسکتا ہے آپ نے استعمال کیا ہو یعنی سینڈوچ، برگر یا کسی بھی کھانے کی چیز میں اس کا اضافہ لذت بڑھا دیتا ہے۔

مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ لیموں کے عرق، انڈوں، سرکے اور مصالحوں کے مکسچر سے بننے والا مایونیز آپ کے روزمرہ کے چند حیرت انگیز مسائل بھی حل کرسکتا ہے؟

تو یہاں کچھ ایسے ہی طریقے دیئے جارہے ہیں جو مایونیز کو واقعی زبردست بناتے ہیں۔

مزید پڑھیں : گھر میں مزیدار مایونیز بنانا سیکھیں

ناخنوں کی نگہداشت

اگر آپ کے ناخن نازک اور ٹوٹ جاتے ہیں، تو مایونیز اس کا بہترین حل ثابت ہوسکتا ہے۔ ایک ڈونگے میں مایونیز کو بھریں اور اس میں انگلیاں ڈبو کر 5 منٹ تک انتطار کریں اور پھر دھولیں۔ یہ ٹوٹکا ناخنوں کو مضبوط، صحت مند بنادے گا۔

جلد کی نمی برقرار رکھے

اپنی خشک جلد کی نمی بحال کرنا چاہتے ہیں تو کچھ مایونیز لیں اور اس میں ایک چائے کا چمچ زیتون کا تیل شامل کردیں۔ ان دونوں کو اچھی طرح مکس کریں اور جلد کے خشک حصوں پر لگالیں۔ دس منٹ تک لگا رہنے دیں اور پھر کپڑے سے صاف کرلیں۔ مایونیز میں موجود تیل اور سرکہ آپ کی جلد کی نمی بحال رکھ دے گا اور پرتیں بننے کی روک تھام کرے گا۔

سر کی جوؤں سے نجات

اگر تو آپ کے یا گھر میں کسی فرد کے سر پر جوئیں ہوگئی ہیں اور اس سے نجات چاہتے ہیں، تو ہوسکتا ہے آپ کو حیرت ہو مگر مایونیز درحقیقت جوﺅں کے خاتمے کے لیے بہت زبردست چیز ہے کیونکہ یہ ان کا دم گھونٹ دیتا ہے، فل فیٹ مایونیز کو اپنے سر پر اچھی طرح لگائیں اور 8 گھنٹے تک کے لیے لگا رہنے دیں اور پھر دھولیں، آپ کا سر جوﺅں سے پاک ہوجائے گا۔

لکڑی کے فرنیچر کی خراشیں دور کرے

اگر فرنیچر میں کسی قسم کی خراش یا کریک موجود ہے تو آپ اس کو ٹھیک کرنے کے لیے مایونیز کو متاثر جگہ کے ارگرد لگادیں اور کچھ دن تک کے لیے چھوڑ دیں، جس کے بعد اسے کپڑے سے صاف کردیں۔

بالوں سے چیونگم ہٹائے

اگر بالوں میں چیونگم پھنس جائے تو اسے کاٹنے کی بجائے مایونیز کو استعمال کرکے دیکھیں، بس مایونیز کی کچھ مقدار کو بالوں کے اس حصے میں لگائیں جہاں چیونمگ پھنسی ہو اور پھر سر دھوتے ہوئے چیونگم کو باہر نکال لیں۔

فرنیچر کو پالش کریں

لیموں کا عرق، سرکہ اور تیل کا امتزاج مایونیز کو فرینچر کی پالش کے لیے بہترین بنتا ہے، بس اسے لکڑی پر رگڑیں اور پھر ایک کپڑے سے پونچھ لیں۔

یہ بھی پڑھیں : 13 ٹپس جو سرکے کو باکمال ثابت کردیں

بالوں کو کنڈنشنر کریں

اپنے بالوں کو گرم پانی سے گیلا کریں اور پھر مایونیز کو سر پر لگا کر اسے کسی پلاسٹک کیپ سے ایک گھنٹے کے لیے ڈھانپ لیں۔ مایونیز میں موجود ویجیٹیبل آئل بالوں کو نمی اور چمک فراہم کرتا ہے، ایک گھنٹے بعد بالوں کو شیمپو سے دھولیں۔

گاڑیوں کے بمپر پر اسٹیکر ہٹائے

مایونیز آپ کی گاڑی کے بمپر پر لگے اسٹٰکر کو بہت آسانی سے ہٹا سکتا ہے، بس اسٹیکر کے اوپر مایونیز کو لگائین اور پندرہ سے بیس منٹ تک لگا رہنے دیں، جس کے بعد اسٹیکر کو کھینچ کر اتار لیں۔

دیواروں کی صفائی

اگر آپ کے بچوں نے دیوار پر مومی رنگوں سے رنگ کیے ہیں تو آپ مایونیز کی مدد سے اسے صاف کرسکتے ہیں، بس دیوار پر مایونیز کی کچھ مقدار کو لگائیں اور آدھے گھنٹے تک کے لیے چھوڑ دیں، جس کے بعد اسے اسفنج یا کپڑے سے رگڑ کر صاف کرلیں، ضرورت پڑے تو یہ عمل دوبارہ دہرائیں۔

چاندی کے برتن چمکائیں

آپ مایونیز کو سلور یا چاندی کی پالش کے لیے بھی استعمال کرسکتے ہیں کیونکہ اس کے اندر لیموں اور سرکہ موجود ہوتے یں اور یہ دونوں سلور کی چمک بحال کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ مگر پہلے اسے کسی چھوٹے حصے پر آزما کر دیکھیں۔

دھوپ کی جلن سے نجات

اگر شدید دھوپ میں گھومنے پھرنے سے جلن محسوس ہورہی ہے اور فوری ریلیف چاہتے ہیں تو جلد کے متاثرہ حصے پر مایونیز کو لگا کر دیکھیں تاکہ راحت اور ٹھنڈک محسوس ہوسکے۔

دروازوں کی چڑچڑاہٹ سے نجات

اگر آپ کے گھر میں کو دروازہ کے قبضے یا قلابے کافی چڑچڑاہٹ کا باعث بن رہے ہیں تو ایک کچھ مقدار میں مایونیز اس جگہ رگڑ دیں اور جادو دیکھیں۔

پھنس جانے والی انگوٹھی کو نکالیں

آپ کے ہاتھ میں کوئی ٹائٹ انگوٹھی پھنس گئی ہے؟ تو مایونیز ایک اچھا لبریکینٹ ثابت ہوگا، بس اس کی کچھ مقدار کو متاثرہ حصے پر لگائیں اور انگوٹھی کو گھما کر باہر نکال لیں۔

تبصرے (0) بند ہیں