بروک لیسنر کی ایک بار پھر ڈبلیو ڈبلیو ای میں واپسی

اپ ڈیٹ 17 ستمبر 2018
— فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
— فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

ڈبلیو ڈبلیو ای یونیورسل چیمپئن رومن رینز اپنے کیرئیر کے بڑے مقابلے میں براﺅن اسٹرومین کے خلاف چیمپئن شپ کا دفاع کرنے میں کامیاب رہے اور اس کے لیے انہیں سابق چیمپئن بروک لیسنر کا شکرگزار ہونا ہوگا۔

جی ہاں بروک لیسنر غیرمتوقع طور پر گزشتہ شب ڈبلیو ڈبلیو ای ایونٹ ہیل ان اے سیل میں اس وقت واپس آئے جب براﺅن اسٹرومین اور رومن رینز کے درمیان چیمپئن شپ مقابلہ جاری تھا۔

بروک لیسنر نے پنجرے کے اندر جاری میچ کے باوجود رومن رینز اور براﺅن اسٹرومین پر حملہ کیا جبکہ ان کے منیجر پال ہے مین نے اسپیشل گیسٹ ریفری مک فولی کے اوپر مرچوں کا اسپرے کردیا۔

مزید پڑھیں : بروک لیسنر ایک میچ کا معاوضہ کتنا لیتے ہیں؟

بروک لیسنر کی مداخلت کی وجہ سے یہ مقابلہ بغیر کسی نتیجے کے ختم کردیا گیا۔

تاہم بروک لیسنر کی آمد سے قبل رومن رینز کے ساتھیوں ڈین امبروز اور سیٹھ رولنز براﺅن اسٹرومین کے ساتھیوں ڈولف زیگلر اور ڈریو میکنٹائر کے درمیان پنجرے کے باہر ٹکراﺅ ہوا۔

اس موقع پر سیٹھ رولنز اور ڈولف زیگلر پنجرے کے اوپر لڑتے ہوئے نیچے میز پر جاگرے جو کہ دیکھنے میں کافی خوفزدہ کردینے والا منظر تھا۔

مگر ایونٹ کا سب سے خونریز مقابلہ جیف ہارڈی اور رینڈی اورٹن کے درمیان ہوا جس کا اختتام رینڈی اورٹن کی فتح پر ہوا۔

میچ کے اختتام پر جیف ہارڈی پنجرے کی چھت پر لٹک کر نیچے میز پر پڑے رینڈی اورٹن کے اوپر گرے مگر رینڈی اورٹن ہٹ گئے۔

20 فٹ کی بلندی سے نیچے میز پر گر کر جیف ہارڈی بری طرح زخمی ہوئے اور بظاہر لگتا ہے کہ ان کا کیرئیر ختم ہوگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : 2 سال بعد رومن رینز کا خواب پورا

میچ کے دوران بھی رینڈی اورٹن نے پیچ کس سے جیف ہارڈی کا کان چھیل دیا تھا جبکہ میچ کے بعد جیف ہارڈی کو کھانسی کے ساتھ خون آتا رہا، جس پر انہیں ایمرجنسی میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ایونٹ کے دیگر مقابلے میں ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن اے جے اسٹائلز نے سموا جو کے خلاف اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کیا۔

تاہم میچ کا اختتام کافی متنازع انداز سے ہوا، جس سے لگتا ہے کہ دونوں کے درمیان ایک بار پھر ٹکراﺅ ہوگا۔

اسی طرح ڈریو میکنٹائر اور ڈولف زیگلر نے ڈین امبروز اور سیٹھ رولنز کے خلاف را ٹیگ ٹیم چیمپئن شپ کا کامیاب دفاع کیا۔

اسمیک ڈاﺅن ٹیگ ٹیم چیمپئن نیو ڈے نے بھی روسوف ڈے کے خلاف اپنی چیمپئن شپ میچ کا دفاع کامیابی سے کیا۔

ڈینیئل برائن اور ان کی اہلیہ کو دی میز اور مرسی کے خلاف میچ میں ناکامی کا سامنا ہوا جبکہ بیکی لنچ نے شارلیٹ کو شکست دے کر اسمیک ڈاﺅن ویمن چیمپئن شپ جیت لی۔

رونڈا راﺅسی نے اپنی حریف الیکسا بلس کو شکست دے کر را ویمن چیمپئن شپ کا اعزاز اپنے پاس برقرار رکھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں