امریکا: 'فلورنس' کی تباہ کاریاں جاری، ولمنگٹن کے زمینی راستے بند

اپ ڈیٹ 17 ستمبر 2018
امریکی ریاست شمالی کیرولینا کے شہر لمبرٹن میں ایک گاڑی سیلابی پانی میں ڈوبہ ہوئی ہے جبکہ امدادی رضاکار کاموں میں مصروف ہیں— فوٹو: اے پی
امریکی ریاست شمالی کیرولینا کے شہر لمبرٹن میں ایک گاڑی سیلابی پانی میں ڈوبہ ہوئی ہے جبکہ امدادی رضاکار کاموں میں مصروف ہیں— فوٹو: اے پی

امریکا میں سمندری طوفان 'فلورنس' کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور مستقل بارش کے سبب آنے والے سیلاب کے باعث شمالی کیرولینا کے شہر ولمنگٹن کا زمینی راستہ بند اور رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

طوفان کے ساتھ ساتھ بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے اور آندھی کی رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے تاہم ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آندھی کی رفتار میں اضافہ ہوسکتا ہے اور یہ طوفان ملک کے شمال مشرقی علاقوں کا رخ کرے گا۔

سیلاب کے باعث مغربی ورجینیا اور ورجینیا کے رہائشیوں کی مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں جہاں بجلی بھی منقطع ہے اور تقریباً 5 لاکھ گھریلوں اور تجارتی صارفین بجلی سے محروم ہیں۔

مزید پڑھیں: ’مینگ کھٹ‘ طوفان فلپائن کے بعد ہانگ کانگ اور چین سے ٹکراگیا

تیزی سے پھیلتی تباہی کے نتیجے میں اب تک طوفان سے 17 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کیا کہ رواں ہفتے طوفان کے راستے میں مزید ریاستیں بھی آ چکی ہیں۔

فیڈرل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کے بروک لانگ نے کہا کہ ناصرف اس کے بڑھتے اثرات شمالی کیرولینا میں نظر آئیں گے بلکہ اس طوفان کے سسٹم کے خاتمے تک آپ آنے والے دنوں میں مغربی ورجینیا سے لے کر اوہیو تک میں بھی تباہی دیکھ سکتے ہیں۔

شمالی کیرولینا کے 8ویں بڑے شہر ولمنگٹن میں شہری پانی اور ضروریات زندگی کی دیگر اشیا کے لیے گھنٹوں ریسٹورنٹس اور اسٹورز کے باہر کھڑے رہے، اس دوران پولیس دروازے پر پہرہ دیتی رہی کیونکہ ایک وقت میں صرف 10 لوگوں کو اندر جانے کی اجازت تھی۔

کاؤنٹی چیئرمین وُڈی وائٹ کا کہنا تھا کہ ہمارے روڈ سیلاب میں ڈوبے ہوئے ہیں اور ولمنگٹن تک رسائی کا کوئی راستہ میسر نہیں لیکن ہم ساحلی علاقوں میں خوراک اور پانی کو پہنچانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

ابتدائی طور پر چوتھے درجے کا خطرناک طوفان قرار دیے جانے والے فلورنس کی شدت میں کافی کمی آچکی ہے لیکن اس کے باوجود 6 ریاستیں اس کی زد میں ہیں جن میں سے شمالی اور جنوبی کیرولینا کی ریاستیں سب سے زیادہ خطرے کی زد میں ہیں۔

ہانک کانگ کی ایک مصروف شاہراہ پر طوفان کی تباہ کاریاں دیکھی جا سکتی ہیں— فوٹو: اے ایف پی
ہانک کانگ کی ایک مصروف شاہراہ پر طوفان کی تباہ کاریاں دیکھی جا سکتی ہیں— فوٹو: اے ایف پی

دوسری جانب دنیا کے دوسرے خطے میں آنے والا طوفان 'مینگ کھٹ' فلپائن میں تباہی مچانے کے بعد اتوار کو چین کے ساحل سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے۔

خطے میں آنے والے 2 دہائیوں کے اس بدترین طوفان کے نتیجے میں ہانک کانگ میں بھی تباہی ہوئی جبکہ طوفان کی آمد سے قبل چین کے جنوبی صوبے گوینگ ڈونگ سے 24 لاکھ لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا اور فلپائن میں طوفان سے تباہی، متعدد افراد ہلاک

فلپائن میں طوفان کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 65 سے تجاوز کر گئی جبکہ لاپتہ افراد کی تعداد کو دیکھتے ہوئے اس تعداد میں اضافے کا امکان ہے۔

فلپائن میں حکام نے لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا اندیشہ ظاہر کیا اور کہا کہ اس بات کے 99 فیصد امکانات ہیں کہ لاپتہ افراد کی تعداد اب زندہ نہ ہو۔

تبصرے (0) بند ہیں