بولی وڈ معروف اداکار رشی کپور اور اداکارہ جوہی چاولا دو دہائیوں بعد پھر سے ایک ساتھ فلم کرنے کے لیے اکھٹے ہورہے ہیں۔

یہ دونوں آخری بار 1996 کی فلم ’دراڑ‘ میں ساتھ کام کرتے نظر آئے تھے، جبکہ اب ایک فیملی کامیڈی فلم میں کام کرنے جارہے ہیں۔

فلم دراڑ —۔
فلم دراڑ —۔

پریس ریلیز کے مطابق اس فلم کی پروڈکشن سونی پکچرز انٹرنیشنل کے بینر تلے کی جائے گی جبکہ ہدایات کاری کا ذمہ نئے ہدایت کار ہتیش بھاٹیا کے سر ہے۔

اس کامیڈی فلم میں رشی اور جوہی کے کردار کے حوالے سے تو اب تک کوئی خبر سامنے نہیں آئی، البتہ یہ دونوں ایک ساتھ کام کرنے کے لیے بےحد پرجوش ہیں۔

جوہی چاولا نے خود بھی ٹوئٹر پر اپنی نئی فلم کی ٹیم کے ہمراہ ایک تصویر بھی شیئر کی، جس پر ان کا کہنا تھا کہ وہ اس پروجیکٹ کے لیے کافی پرجوش ہیں۔

خیال رہے کہ رواں سال رشی کپور کی دو فلمیں 102 ناٹ آؤٹ اور ملک سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی گئیں۔

ان دونوں فلموں میں 102 ناٹ آؤٹ باکس آفس پر کامیاب ہوئی جبکہ ملک زیادہ اچھا بزنس کرنے میں ناکام ہوئی۔

تاہم ان دونوں ہی فلموں کو تجزیہ کاروں کا اچھا ردعمل موصول ہوا۔

دوسری جانب جوہی چاولا کی آخری فلم ’چاک اینڈ ڈسٹر‘ 2016 میں ریلیز ہوئی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں