‘گیم آف تھرونز’ بہترین سیریز کا ‘ایمی ایوارڈ’ جیتنے میں کامیاب

اپ ڈیٹ 18 ستمبر 2018
گیم آف تھرونز کو مجموعی طور پر 2 ایوارڈ ملے—فوٹو: اے ایف پی
گیم آف تھرونز کو مجموعی طور پر 2 ایوارڈ ملے—فوٹو: اے ایف پی

ٹیلی وژن کے لیے آسکر ایوارڈ جیسی حیثیت رکھنے والے امریکا کے معروف ایوارڈ شو ‘ایمی’ میں شہرہ آفاق فنٹیسی ڈرامہ سیریل ‘گیم آف تھرونز’ ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہوگئی۔

خیال رہے کہ یہ ایوارڈ ‘اکیڈمی آف ٹیلی وژن آرٹس اینڈ سائنس’ (اے ٹی اے ایس) کی جانب سے دیا جاتا ہے،‘ایمی ایوارڈز’ ٹی وی کے تمام پروگراموں کے لیے دیا جاتا ہے، اس لیے اس کی مختلف تقریبات منعقد ہوتی ہیں۔

تاہم اس ایوارڈ کی سب سے اہم اور بڑی تقریب ہر سال کے آخر میں منعقد ہوتی ہے، جس میں پرائم ٹائم میں ٹی وی پر نشر ہونے والے ڈراموں اور پروگرامات کو ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے۔

اس ایوارڈ کی پہلی تقریب 1949 میں ہوئی تھی، 17 ستمبر کو اس کی 70 تقریب منعقد ہوئی، جس میں امریکا و برطانیہ سمیت دیگر ممالک کے ٹی وی اداکاروں نے شرکت کی۔

70 ایمی ایوارڈ کے لیے نامزدگیوں کا اعلان رواں برس جولائی کو کیا گیا تھا، جس کے تحت امریکی فنٹیسی ڈرامہ ‘گیم آف تھرونز’ کو سب سے زیادہ 22 جب کہ ویسٹ ورلڈ کو 21 کیٹیگریز میں نامزد کیا گیا تھا۔

خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’کے مطابق لاس اینجلس میں سجے 70 ویں ایمی ایوارڈز تقریب میں ‘گیم آف تھرونز’ نے بہترین ڈرامہ سیریز سمیت مجموعی طور پر 2 ایوارڈ اپنے نام کیے۔

یہ بھی پڑھیں: ‘گیم آف تھرونز کا اختتام ہر کسی کیلئے خوش کن نہیں ہوگا’

‘گیم آف تھرونز’ نے ُبہترین ڈرامہ سیریز’ سمیت ‘ڈرامہ سیریز کے معاون اداکار’ کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا، جو پیٹر ڈنکلیگ کو دیا گیا۔

ایوارڈ تقریب میں سب سے زیادہ ایوارڈ ‘دی مارولز مسز میسل’ کے حصے میں آئے، اس کامیڈی سیریز نے مجموعی طور پر 5 ایوارڈ اپنے نام کیے۔

‘دی مارولز مسز میسل’ نے ‘بہترین کامیڈی سیریز، ایکٹریس کامیڈی سیریز، سپورٹنگ ایکٹریس کامیڈی سیریز اور رائیٹنگ کامیڈی سیریز’ کے ایوارڈ اپنے نام کیے۔

اس تقریب میں مجموعی طور پر 26 کیٹیگریز میں ایوارڈز دیے گئے۔

بہترین ڈرامہ سیریز اداکار کا ایوارڈ ‘دی امریکنز’ کے میتھیو ریز جب کہ بہترین ڈرامہ سیریز اداکارہ کا ایوارڈ ‘دی کراؤن’ کی کلیری فائے کو دیا گیا۔

تقریب میں متعدد ڈراموں کی کاسٹ نے شرکت کی—فوٹو: اے پی
تقریب میں متعدد ڈراموں کی کاسٹ نے شرکت کی—فوٹو: اے پی

تبصرے (0) بند ہیں