نازیہ حسن کی زندگی پر فلم نہیں بنا رہا، سابق شوہر

18 ستمبر 2018
اداکارہ 18 سال قبل کینسر کے باعث چل بسی تھیں—فوٹو: فیس بک
اداکارہ 18 سال قبل کینسر کے باعث چل بسی تھیں—فوٹو: فیس بک

گزشتہ دن یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پاکستان کی سابق پاپ گلوکارہ نازیہ حسن کے سابق شوہر صنعت کار میاں اشتیاق بیگ ان کی زندگی پر فلم بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

نازیہ حسن کے بھائی گلوکار زوہیب حسن نے اپنی فیس بک پوسٹ پر دعویٰ کیا تھا کہ انہیں اطلاعات ملی ہیں کہ ان کی بہن کے سابق شوہر یعنی اشتیاق بیگ گلوکارہ کی زندگی پر فلم بنانے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔

گلوکار نے پوسٹ میں واضح کیا تھا کہ ان کی بہن کی زندگی پر کسی کو فلم بنانے کا کوئی حق نہیں اور اگر کسی نے بھی ایسا کیا تو ان کا خاندان اس شخص کے خلاف قانونی کارروائی کرے گا۔

زوہیب حسن نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا تھا کہ نازیہ حسن کے سابق شوہر ان کی بہن کا نام استعمال کرکے منافع کمانا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نازیہ حسن کی زندگی پر فلم بنانے کی تیاریاں؟

تاہم نازیہ حسن کے سابق شوہر میاں اشتیاق بیگ نے گلوکارہ کی زندگی پر فلم بنانے کی خبروں کو مسترد کردیا۔

زوہیب حسن نے فیس بک پوسٹ کی تھی—اسکرین شاٹ
زوہیب حسن نے فیس بک پوسٹ کی تھی—اسکرین شاٹ

ڈان امیجز کو بھیجے گئے اپنے بیان میں میاں اشتیاق بیگ نے وضاحت کی کہ وہ ایسے کسی بھی منصوبے پر کام نہیں کر رہے، وہ اپنی کاروباری سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ نازیہ حسن ان کی اہلیہ تھیں اور انہیں کوئی بھی ان کی زندگی پر فلم بنانے جیسے منصوبے سے نہیں روک سکتا، تاہم فی الحال ان کا کوئی ارادہ نہیں اور مستقبل میں اگر وہ ایسا کریں گے تو اس کا وہ خود ہی باضابطہ اعلان کریں گے۔

یہ تصاویر دیکھیں: پاپ موسیقی کی پاکستانی ملکہ کی یادگار تصاویر

میاں اشتیاق بیگ نے بیان میں دعویٰ کیا کہ نازیہ حسن مرتے دم تک ان کی اہلیہ تھیں، جس کی تصدیق ان کے ‘ڈیتھ سرٹیفکیٹ’ سے بھی ہوتی ہے۔

خیال رہے کہ پاپ گلوکارہ نے 1995 میں صنعت کار میاں اشتیاق بیگ سے شادی کی، جن سے انہیں ایک بیٹا بھی ہے۔

نازیہ حسن سال 2000 میں پھیپھڑوں کے کینسر کے باعث لندن میں چل بسی تھیں، کہا جاتا ہے کہ مرنے سے ایک ہفتہ قبل ہی ان کی طلاق ہوگئی تھی، تاہم اب میاں اشتیاق بیگ نے اس حوالے سے نیا انکشاف کردیا ہے۔

مرزا اشتیاق بیگ کے تازہ بیان کے بعد زوہیب حسن نے تاحال کوئی رد عمل نہیں دیا۔

نازیہ حسن نے اپنے کیریئر کا آغاز 1975 میں پی ٹی وی پر نشر ہونے والے ایک بچوں کے پروگرام 'کلیوں کی مالا' سے کیا، جہاں انہوں نے اپنا پہلا گانا 'دوستی ایسا ناتا' گایا تھا۔

وہ 3 اپریل 1965 کو کراچی میں پیدا ہوئیں اور اپنے انوکھے انداز سے پاکستان کی شوبز انڈسٹری میں بہت جلد اپنی جگہ بنانے میں کامیاب گئیں۔

نازیہ حسن کو بولی وڈ فلم 'قربانی' کے لیے گائے گئے گانے 'آپ جیسا کوئی' سے عالمی شہرت ملی، وہ پہلی پاکستانی گلوکارہ تھیں جنھیں فلم فئیر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

نازیہ حسن کے بہترین گانوں میں دوستی، ڈسکو دیوانے، آنکھیں ملانے والے، بوم بوم اور دل کی لگی شامل ہیں، یہ گانے آج بھی ان کے مداحوں کے دلوں پر راج کر رہے ہیں۔

نازیہ حسن گلوکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک سیاسی تجزیہ کار بھی تھی جو 1991 میں پاکستان کی ثقافتی سفیر بنیں۔

نازیہ محض 35 برس کی عمر میں چل بسیں—فوٹو: فیس بک
نازیہ محض 35 برس کی عمر میں چل بسیں—فوٹو: فیس بک

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Aqsa Javaid Sep 19, 2018 12:59pm
RIP Nazia Hassan