آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن (سی ایم سی) کے وائس چیئرمین جنرل ژانگ ژویا سے ملاقات کی جہاں دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب جاری بیان کے مطابق جنرل ژانگ ژویا کا کہنا تھا کہ ‘چین، پاکستان اور اس کی فوج کے ساتھ تعلقات کی بڑی قدر کرتا ہے اور مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کا مقصد دونوں ممالک کے عوام کو زیادہ فائدہ پہنچانا اور خطے میں خوش حالی لانا ہے’۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چینی جنرل نے پاک-چین فوجی تعاون کو باہمی تعلقات کا ستون قرار دیا۔

اعلامیے کے مطابق انہوں نے کہا کہ مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاک-چین افواج کو تعاون مزید بڑھانا چاہیے۔

مزید پڑھیں:آرمی چیف کا بیجنگ میں پیپلز لبریشن آرمی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ دونوں جرنیلوں کے درمیان ملاقات کے دوران انسداد دہشت گردی، اسلحہ، ٹیکنالوجی اور تربیت کے شعبوں میں مزید عسکری تعاون پر بھی بات چیت کی گئی۔

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے چینی تعاون پر وائس چیئرمین ملٹری کمیشن کا شکریہ ادا کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران چین میں پاکستانی سفیر بھی موجود تھے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ 3 روزہ سرکاری دورے پر 16 ستمبر کو بیجنگ پہنچے تھے اور بعد ازاں پیپلز لیبریشن آرمی (پی ایل اے) چیف سے ملاقات کی تھی۔

پی ایل اے چیف سے ملاقات کے دوران خطے کی سلامتی، سی پیک کی سیکیورٹی اور باہمی سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں