اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے بورڈ آف گورنرز کی چیئرمین شپ سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے یونورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ اسحٰق ڈار صاحب تو اب آ نہیں رہے، قواعد کے مطابق سال میں دو بار بورڈ کی میٹنگز ضرور ہونی چاہیے مگر 21 نومبر 2016 کے بعد سے اب تک بورڈ کی میٹنگ نہیں ہو سکی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ مختلف مقدمات میں نیب، ایف آئی اے اور وزارت خارجہ کو پہلے ہی اسحٰق ڈار کی واپسی کے حوالے سے ہدایات دی جا چکی ہیں، اسحٰق ڈار نیب کے مقدمے میں مفرور ہیں جبکہ ان کا سفارتی پاسپورٹ منسوخ ہو چکا ہے۔

مزید پڑھیں: حسن،حسین نواز،اسحاق ڈار کو انٹرپول کے ذریعے واپس لانے کی منظوری

ان کا کہنا تھا کہ ان تمام حالات میں اسحٰق ڈار کو بورڈ آف گورنرز کی چیئرمین شپ سے ہٹا رہے ہیں۔

سپریم کورٹ نے سابق وزیر خزانہ کو یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنرز کی چیئرمین شپ سے ہٹانے اور پنجاب حکومت کو تین دن کے اندر نئے چیئرمین کی تعیناتی کا حکم دے دیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں