’میں ایک عام اداکار اور بہت ہی عام انسان ہوں‘

اپ ڈیٹ 19 ستمبر 2018
بولی وڈ اداکار رنبیر کپور —فوٹو/ اسکرین شاٹ
بولی وڈ اداکار رنبیر کپور —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ اداکار رنبیر کپور نے اپنے کیریئر میں بہت سے اتار چڑھاؤ دیکھے، کبھی ان کی فلمیں کامیاب ہوئیں جبکہ ان کی بہت سی فلمیں باکس آفس پر ناکام بھی ثابت ہوئیں۔

ان کی ڈیبیو فلم ’سانوریا‘ باکس آفس پر بری طرح ناکام ہوئی تھی، جبکہ ’جگا جاسوس‘، ’بومبے ویلوٹ‘ اور ’بےشرم‘ ان کی چند اور فلاپ فلموں میں شامل ہیں۔

ہندوستان ٹائمز سے بات کرتے ہوئے رنبیر کپور کا کہنا تھا کہ ’کامیابی کو سنبھالنا آسان ہے، جب آپ کامیاب ہوتے ہیں، تب آپ کو اس کا اندازہ نہیں ہوتا کیوں کہ سب اس وقت آپ کی تعریف کرتے ہیں، لیکن ناکامی آپ کو بہت کچھ سکھا دیتی ہے، ناکامی سنبھالنا مشکل ہے‘۔

رنبیر نے مزید کہا کہ ’مجھے کسی بات کا افسوس نہیں، مجھے لگتا ہے ناکامیوں نے مجھے کامیابی سے زیادہ سکھایا ہے، مجھے لوگوں کا ساتھ بھی اچھا ملا، میری فیملی، دوست، ساتھی سب میرے ساتھ موجود تھے‘۔

اداکار کے مطابق ’اس وقت بھی بہت سارے لوگ تھے جو مجھے پسند کرتے تھے اور سوچتے تھے کہ میں اچھا اداکار ہوں، انہوں نے مجھے کافی سپورٹ بھی کیا، لیکن ایمانداری سے بات کی جائے تو میں ایک فلمی خاندان میں پیدا ہوا ہوں اور مجھے ان باتوں کا اندازہ پہلے سے تھا، اس ہی لیے میں کامیاب کو کبھی سر نہیں چڑھاتا اور ناکامی کو دل پر نہیں لیتا‘۔

خیال رہے کہ رواں سال رنبیر کپور کی فلم ’سنجو‘ باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی، اس فلم میں انہوں نے سنجے دت کا مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سنجو‘ کے رنبیر سے سنجے دت بھی متاثر

فلم رواں سال کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بنی، تاہم اس کے باوجود رنبیر کپور اس کامیابی کو خود پر حاوی نہیں کرتے۔

رنبیر کا کہنا تھا کہ ’میں خود کو بہت زیادہ اہمیت نہیں دیتا، میرا ماننا ہے کہ میں ایک عام اداکار اور بہت ہی عام انسان ہوں، جسے بڑے مواقع مل گئے، ہاں مجھے خود پر بھروسہ ضرور ہے کہ میں کچھ اچھا کرسکتا ہوں، اور شاید اس ہی لیے اب کامیاب ہوں، میں کوئی دنیا نہیں بچا رہا صرف فلموں میں کام کررہا ہوں، اس لیے اس بات کو زیادہ سنجیدگی سے نہیں لیتا‘۔

رنبیر کپور اس وقت اپنی فلم ’براہمسٹرا‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس میں وہ اپنی گرل فرینڈ عالیہ بھٹ کے ساتھ کام کررہے ہیں۔

اس فلم کے بعد وہ شمشیرا کی شوٹنگ کا آغاز کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں