ورن دھون کا عالیہ بھٹ کو معاوضہ بڑھانے کا مشورہ

19 ستمبر 2018
ورن دھون اور عالیہ بھٹ نے ایک ساتھ ڈیبیو کیا تھا —فوٹو/ اسکرین شاٹ
ورن دھون اور عالیہ بھٹ نے ایک ساتھ ڈیبیو کیا تھا —فوٹو/ اسکرین شاٹ

سینما کی دنیا میں آج کل اداکارائیں اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کررہی ہیں، جبکہ بہت سی اداکارائیں فلموں میں اداکاروں کے مقابلے کم معاوضہ ملنے پر بھی احتجاج کرتی نظر آتی ہیں۔

نئی نسل کے بولی وڈ اداکار ورن دھون نے بھی ایک انٹرویو میں اس موضوع پر بات کی۔

ورن دھون نے اپنے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنی قریبی دوست اور ساتھی اداکارہ عالیہ بھٹ کو اپنا معاوضہ بڑھانے کا مشورہ دیا کیوں کہ وہ بہت کم تنخواہ ڈیمانڈ کرتی ہیں۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ’لوگوں کو راضی ریلیز ہونے کے بعد ہی کیوں احساس ہوا کہ عالیہ ایک بڑی اسٹار ہیں؟ بدری ناتھ کی دلہنیا، ہمٹی شرما کی دلہنیا اور ٹو اسٹیٹس جیسی فلمیں بھی کامیاب تھیں، اور ان فلموں کی کامیاب کے لیے عالیہ بھٹ اتنی ہی ذمہ دار ہیں جتنا کہ میں اور ارجن کپور ہیں‘۔

مزید پڑھیں: ہیرو کا معاوضہ اداکارہ سے 1500 گنا زیادہ

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں ہمیشہ عالیہ سے کہتا ہوں کہ تم کیا کررہی ہو؟ تم بہت کم معاوضہ لیتی ہو کیا تم بیوقوف ہو؟ اپنا معاوضہ بڑھاؤ‘۔

یاد رہے کہ ورن دھون اور عالیہ بھٹ نے اپنا کیریئر 2012 کی فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ سے شروع کیا تھا۔

اس کے بعد یہ دونوں ’بدری ناتھ کی دلہنیا‘ اور ’ہمٹی شرما کی دلہنیا‘ جیسی کامیڈی فلموں میں کام کرچکے ہیں۔

یہ دونوں بہت جلد ایک ساتھ اپنی فلم ’کلنک‘ کی شوٹنگ کا بھی آغاز کریں گے، جس میں ان دونوں کے ساتھ مادھوری ڈکشٹ، سنجے دت، سوناکشی سنہا اور ادتیا روئے کپور موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’پدماوتی‘ میں دپیکا کا دو ہیروز سے زیادہ معاوضہ

رپورٹس کے مطابق ورن دھون ایک فلم میں کام کرنے کے 8 سے 10 کروڑ ہندوستانے روپے ڈیمانڈ کرتے ہیں، جبکہ عالیہ بھٹ اپنی ایک فلم کے لیے 4 سے 5 کروڑ ہندوستانی روپے معاوضہ لیتی ہیں۔

یاد رہے کہ بولی وڈ فلموں میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ دپیکا پڈوکون ہیں، جنہوں نے اپنی فلم ’پدماوت‘ میں ساتھی اداکار رنویر سنگھ اور شاہد کپور سے زیادہ معاوضہ حاصل کیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق دپیکا پڈوکون کو فلم ’پدماوت‘ کے لیے 13 کروڑ ہندوستانی روپے دیے گئے، جبکہ شاہد کپور اور رنویر سنگھ نے 10 کروڑ روپے کمائے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں