چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چین کے دورے میں صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی اور اس دوران خطے کی سلامتی اور چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چینی صدر سے خصوصی دعوت پر ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چینی صدر نے کہا کہ ‘پاکستان ہمارا آزمایا ہوا آہنی دوست ہے اور پاک آرمی کا اس سدابہار تعلق میں ایک اہم کردار ہے’۔

انہوں نے پاک آرمی کی پیشہ ورانہ صلاحیت کو سراہا اور خطے کے امن و سلامتی کے لیے اس کے کردار کا بھی اعتراف کیا۔

شی جن پنگ نے کہا کہ ‘چین بطور اسٹریٹجک شراکت دار پاکستان کے ساتھ مسلسل تعاون جاری رکھے گا’۔

یہ بھی پڑھیں:آرمی چیف کا بیجنگ میں پیپلز لبریشن آرمی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

آئی ایس پی آر کے مابق چینی صدر نے کہا کہ ‘جو بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ٹیو (بی آر آئی) یا پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی مخالفت کرتے ہیں وہ کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ امن اور ترقی کا منصوبہ نہ صرف چین کے لیے ہے بلکہ خطے اور اس سے بالا ہے’۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے بیان میں کہا گیا کہ ‘آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان امن کی اہمیت کو سمجھتا ہے اور اس کے حصول کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں’۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ‘تمام تر مخالفت کے باوجود سی پیک کے ساتھ بی آر آئی کامیاب منصوبہ ہے اور پاک آرمی ہر صورت سی پیک کی سلامتی کو یقینی بنائے گی’۔

انہوں نے کہا کہ ‘ہم امن کے لیے کام کررہے ہیں اس کے باوجود ہمیں دشمن فورسز کے امتحان سے نمٹنے کے لیے مضبوط رہنے کی ضرورت ہے جس کے لیے ہم چینی تعاون کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں’۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اپنے 3 روزہ دورے کو مکمل کرکے واطن واپس لوٹ رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی چینی جنرل ژانگ ژویا سے ملاقات

خیال رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ 16 ستمبر کو چین کے سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچ گئے تھے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن (سی ایم سی) کے وائس چیئرمین جنرل ژانگ ژویا سے ملاقات کی تھی۔

جنرل ژانگ ژویا کا کہنا تھا کہ ‘چین، پاکستان اور اس کی فوج کے ساتھ تعلقات کی بڑی قدر کرتا ہے اور مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے’۔

انہوں نے کہا کہ مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاک-چین افواج کو تعاون مزید بڑھانا چاہیے۔

قبل ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 17 ستمبر کو بیجنگ میں پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا تھا اور پی ایل اے کے سربراہ جنرل ہان وائیگو سے ملاقات کی تھی۔

جنرل ہان وائیگو نے پاک فوج کی جانب سے سی پیک کے لیے فراہم کی جانے والی سیکیورٹی کے معیار کی بھی تعریف کی۔

چینی جنرل نے اس ملاقات کے دوران پاک فوج کے جنگی تجربے سے استفادہ کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں