اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری سے چین کے سفیر یاؤ ژنگ نے ملاقات کی جس میں وفاقی وزیر نے سنکیانگ میں مسلمانوں پر عائد پابندیوں میں نرمی کرنے کا کہا۔

وفاقی وزیر برائے مذہبی اور چین کے سفیر کی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور سمیت چین کے صوبے سنکیانگ کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

پیر نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی سیاست سے بالا تر ہے،اس دوستی کی جڑیں ان کے عوام میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک اقومی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے اور اس پر ہمیں مکمل اعتماد ہے۔

مزید پڑھیں : ’چین میں مسلمانوں سے بدسلوکی نہیں بلکہ ان کی تربیت کی جارہی ہے‘

وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری نے چینی سفیر سے کہا کہ سنکیانگ میں مسلمانوں پر عائد مختلف پابندیوں میں نرمی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ انتہا پسند سوچ کے خاتمے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے احسن اقدامات کی ضرورت ہے،سخت پابندیوں کے ردعمل میں انتہا پسندانہ سوچ کے پھیلنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں

چینی سفیر کا کہنا تھا کہ چینی حکومت صوفی ازم اور معتدل سوچ کے حامل مذہبی طبقات کی معاونت کا عزم رکھتی ہے، اس سلسلے میں بہتر مذہبی ہم آہنگی کے لیے دونوں ملکوں کے علمائے کرام کے درمیان تبادلہ خیال ضروری ہے۔

چین کے سفیر نے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری کو دورہ چین کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔

علاوہ ازیں چینی سفیر یاؤژنگ نے صوبہ سنکیانگ میں پاکستانی علما کا وفود بھیجنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔

یہ بھی پڑھیں : چین کا آن لائن مذہبی سرگرمیوں کے خلاف نئے قوانین بنانے کا فیصلہ

چین کے سفیر نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ چین میں 2 کروڑ مسلمان رہتے ہیں جنہیں مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔

چینی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اسلامی دنیا کا اہم ترین ملک ہے، انہوں نے پاک چین تعلقات کو اسلامی سطح پر استوار کرنے کی خواہش کا اظہار کیا کہ ہم دو طرفہ تعلقات میں مسلم کمیونٹی کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے تعاون سے چین میں مسلمانوں کے تعلیمی نصاب پر مل کر کام کریں گے۔

سفیر یاؤ ژنگ نے مزید کہا کہ چین پاکستان کے تعاون سے سابق فاٹا کے علاقے اور افغان مہاجرین کی سماجی ترقی کا خواہشمند ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Talha Sep 20, 2018 12:06pm
hammein doosroun keh muaamlaat mein padnay kiee kiya zarourat hai.......sab ko sab kuch pata hiee hai...