بھارت: ذات سے باہر شادی کرنے والے نوبیاہتا جوڑے پر حملہ

19 ستمبر 2018
حیدرآباد میں نوبیاہتا جورے پر حملہ کیا گیا — فوٹو : انڈین ایکسپریس
حیدرآباد میں نوبیاہتا جورے پر حملہ کیا گیا — فوٹو : انڈین ایکسپریس

بھارت کے شہر حیدرآباد میں ذات سے باہر شادی کرنے والے نوبیاہتا جوڑے پر تیز دھار آلے سے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں جوڑا زخمی ہوگیا۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد بتایا کہ لڑکی کے سر میں شدید زخم آئے جبکہ لڑکے کے سر اور ہاتھ زخمی ہوئے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ متاثرین سندیپ اور مادھوی کا تعلق مختلف ذات سے تھا اور وہ ایک ماہ قبل آریا سماج مندر میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔

مزید پڑھیں: بھارت: ذات کے باہر شادی پر باپ کے ہاتھوں بیٹی قتل

پولیس نے بتایا کہ علاقہ مکین پولیس کو اطلاع دینے کے بعد زخمیوں کو ستھیانگر میں واقع قریبی نجی ہسپتال لے گئے تھے جہاں انہیں آئی سی یو میں منتقل کیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ تیز دھار آلے سے سر پر وار کیے جانے کی وجہ سے لڑکی کی حالت تشویشناک ہے۔

پولیس نے نامعلوم شخص کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے واقع کی تحقیقات کا آغاز کردیا اور متاثرین کی ایک ماہ قبل کی گئی خفیہ شادی کی تحقیقات بھی شروع کردیں۔

مذکورہ ہولناک واقع کی وجہ سے علاقے میں خوف و دہشت کی فضا قائم ہے۔

ادھر انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق 21 سالہ سندیپ ویویک نندا ڈگری کالج کا طالب علم ہے جبکہ 18 سالہ مادھوی نے حال ہی میں انٹرمیڈیٹ کی تعلیم مکمل کی ہے۔

حملے سے متعلق سندیپ کے دوست نوین کمار کا کہنا تھا کہ مادھوی کے والد نے متاثرہ جوڑے کو بدھ کی صبح فون کیا تھا کہ وہ اپنی بیٹی کو دیکھنا چاہتے ہیں۔

سندیپ اور مادھوی جب لڑکی کے والد سے ملاقات کے لیے طے شدہ مقام ایس آر نگر روڈ پر پہنچے تو ایک موٹر سائیکل سوار ان تک پہنچا اور حملہ کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: ہندوستان: پسند کی شادی پر خاتون کو جلا دیا گیا

واقع کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک آدمی کو سر سے ہیلمٹ اتار کر بیگ سے درانتی نکالنے کے بعد اس آلے سے متاثرہ جوڑے پر حملہ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

مشتبہ شخص نے پہلے سندیپ پر حملہ کیا جسے ایک جانب گرتے ہوئے دیکھا گیا جبکہ لڑکی نے مذکورہ حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی تھی۔

ایک عینی شاہد کا کہنا تھا کہ جب حملہ آور نے لڑکی پر درانتی سے 4 مرتبہ حملہ کیا تو وہ چلائی تھی ’ننا (ڈیڈی) رک جائیں، رک جائیں‘۔

جائے حادثہ پر موجود ایک شخص نے جب ملزم کو مادھوی پر حملہ کرنے سے روکنے کی کوشش کی تو حملہ آور نے اسے بھی دھمکایا۔

خیال رہے کہ نلگوندا ضلع میں 5 روز قبل ایک دلت شخص کو اس کی حاملہ بیوی کے سامنے غیرت کے نام پر قتل کردیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ بھارت میں انتہا پسند ہندوؤں کی شدت پسندی اور مخالفت سے بچنے کے لیے مختلف ذاتوں کے درمیان شادی نہیں کی جاتی اور ایسا کرنے والوں پر قاتلانہ حملے ایک عام سے بات ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں