ملک بھر میں مجالس عزا کے ساتھ 9 محرم الحرام کے جلوس، عزا دار نوحہ خوانی اور سینہ کوبی کرتے ہوئے اپنی منزلوں کو پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئے۔

کراچی کے نشتر پارک میں مجلس عزا کے بعد علم و ذوالجناح کا جلوس برآمد ہوا جو نمائش، صدر، تبت سینٹر اور ایم اے جناح روڈ سے گزر کر امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہو ا۔

لاہور میں مرکزی جلوس عزا امام بارگاہ پانڈو اسٹریٹ سے برآمد ہوا جو خیمہ سادات پر غم خواران سیدالشہدا سیدہ فاطمہ زہرا کو ان کے لعل کا پرسہ دیتے ہوئے ختم ہوا۔

مزید پڑھیں: سخت سیکیورٹی میں 8 محرم الحرام کے جلوس، موبائل فون سروس معطل

کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر 9 محرم کا جلوس—فوٹو: اے پی پی
کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر 9 محرم کا جلوس—فوٹو: اے پی پی

پشاور میں امام بارگاہ حسینیہ ہال پشاور صدر سے برآمد ہونے والا جلوس صدر روڈ، کالا باڑی، فوارہ چوک اور دیگر روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اپنی منزل پر پہنچا، جلوس کے شرکا نے فوارہ چوک پر نماز ظہرین ادا کی جس کے بعد دوسرا جلوس سہ پہر 3 بجے امام بارگاہ بی بی صاحبہ محلہ بی بی زکری سے شروع ہو کر رات کو اسی مقام پر اختتام پذیر ہوا۔

اسلام آباد میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس سیکٹر جی سکس میں امام بارگاہ اثنٰا عشری سے نماز ظہر کے بعد برآمد ہوا۔

کوئٹہ میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ناصر العزاء سے برآمد ہوا، جس میں عزاداروں نے شہدائے کربلا کی قربانی کی یاد تازہ کی۔

یہ بھی پڑھیں: محرم الحرام: 26 علماء کے اسلام آباد میں داخلے، تقاریر پر پابندی

9 محرم کے جلوس کے لیے ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے—فوٹو: اے ایف پی
9 محرم کے جلوس کے لیے ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے—فوٹو: اے ایف پی

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے تمام شہروں میں جلوسوں کے راستوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔

سیکیورٹی کے پیش نظر کراچی، حیدر آباد، سانگھڑ، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، فیصل آباد اور ملتان سمیت کئی شہروں میں موبائل فون سروس کہیں جزوی اور کہیں مکمل طور پر معطل رہی۔

تبصرے (0) بند ہیں